زرعی قوانین کے خلاف ملک گیر احتجاج 8 دسمبرکو ، بھارت بندکوتمام اپوزیشن پارٹیوں کی حمایت
نئی دہلی6دسمبر( ناز میڈیا )
تین نئے قوانین کے خلاف احتجاج اب ملک گیر تحریک ہونے جارہی ہے۔8 دسمبر کوملک بھرمیں کسان تنظیموں نے بھارت بند کا مطالبہ کیا ہے۔ اس میں پنجاب ، ہریانہ ، اترپردیش ، اتراکھنڈ ، راجستھان سمیت متعدد ریاستوں میں کسان تنظیمیں شامل ہیں۔ بہت سی سیاسی جماعتوں نے بھی اس بند کی حمایت کی ہے۔ مرکزی اپوزیشن پارٹی کانگریس نے بھی اس بندکی حمایت کی ہے۔کانگریس کے ترجمان پون کھیڑانے کہاہے کہ کانگریس نے 8 دسمبر کو بھارت بند کی حمایت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہم اپنے پارٹی دفاتر میں بھی احتجاج کریں گے۔ کسانوں کی راہل گاندھی کی حمایت کو مستحکم کرنے کے لیے یہ ایک قدم ہوگا۔ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ وہ احتجاج کامیاب ہو۔آل انڈیا کسان کوآرڈینیشن کمیٹی کے بینر تلے بلائے جانے والے بھارت بندمیں ملک بھر میں 400 سے زائدکسان تنظیمیں شامل ہیں۔ کانگریس کے علاوہ دیگر سیاسی جماعتوں نے بھی اس کی حمایت کی ہے۔ ترنمول کانگریس ، راشٹریہ لوک دل ، آر جے ڈی ، راشٹریہ لوک سمتا پارٹی (آر ایل ایس پی) اورایس پی نے بھی بھارت بند کی حمایت کی ہے۔ بائیں بازوکی جماعتوں میں ، سی پی آئی ، سی پی آئی ایم ، سی پی آئی (ایم ایل) ، آر ایس پی اور آل انڈیا فارورڈ بلاک نے بھی اس بند کی حمایت کی ہے۔
0 تبصرے