کورونا وائرس کی وباء کے باعث سفر حج مہنگا ہوگا : مرکزی وزیرمختار عباس نقوی
ممبئی:( ناز میڈیا ) حج کمیٹی آف انڈیا کے معرفت حج 2021 کیلئے درخواست فارم داخل کر نے کی آخری تاریخ میں 10 جنوری تک توسیع کا اعلان کیا گیا ہے ۔ مرکزی وزیر اقلیتی امور اور حج مختار عباس نقوی نے آج یہ اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ امسال حج صحت و سلامتی کے ساتھ کورونا اصول و ضوابط اور رہنمایانہ اصولوں کی پابندی کے ساتھ ہوگا۔ کورونا وبا کے دوران صد فیصدی درخواستیں آن لائن ہی موصول ہوئی ہیں۔ حج20-21 میں حج فارم آن لائن ہی داخل کئے جائیں گے۔ اس میں سے 80 فیصد درخواستیں انٹرنیٹ اور کمپیوٹر سے آن لائن موصول ہوئیں ، تو 20 فیصد موبائل ایپ کے توسط سے موصول ہوئی ہیں۔نقوی نے کہا کہ حج 2021 کے اخراجات کے تخمینہ کی بنیاد پر مراکز سے روانگی عمل میں لائی جائے گی۔ سعودی عرب سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ہر عازم حج کیلئے ممکنہ اخراجات میں تخفیف کی ہر ممکن کوشش کی گئی ہے۔ موجودہ اندازہ کے مطابق احمد آباد اور ممبئی مراکز سے روانگی حج میں تقریبا 3 لاکھ 30 ہزار، بنگلورو ، لکھئنو ، دہلی اور حیدر آباد مراکز سے روانگی میں تقریبا 3لاکھ پچاس ہزار ، کوچین اور سری نگر مراکز سے روانگی کیلئے تقریبا 3 لاکھ 60 ہزار کولکاتہ مرکز روانگی سے عازمین حج کیلئے تین لاکھ 70 ہزار روپے اور گوہاٹی مرکز روانگی کیلئے چار لاکھ روپے اخراجات طے کئے گئے ہیں۔ اس میں کمی و اضافہ بھی ممکن ہے ، کیونکہ اب تک سعودی عرب سے پوری طرح سے معاہدہ نہیں ہوا ہے۔مرکزی اقلیتی امور مختار عباس نے اس کا بر ملا اعتراف کیا کہ سعودی عرب میں امسال معلم فیس سے لے کر دیگر ٹیکس میں اضافہ کی وجہ سے حج کے اخراجات پر اس کا اثر ہوا ہے اور کورونا کی وجہ سے اصول و ضوابط کی پابندی پر بھی خرچ ممکن ہے ، ایسی صورتحال میں حج تھوڑا مہنگا ہوا ہے۔ لیکن اس کو قابو میں کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حج کا پورا عمل اہلیت اور عمر کے معیار صحت کے حالات ودیگر رہنمایانہ خطوط و ہدایات کے مطابق ہی پورا کیا جائے گا ، جس کا فیصلہ حکومت سعودی عرب اور حکومت ہند کی طرف سے کورونا تباہی کے نتیجے کے پیش نظر کیا جائے گا۔
0 تبصرے