4 ریاستوں میں برڈ فلو ،لاکھوں مرغیاں اور پرندے ہلاک
احتیاطی اقدامات کرنے مرکز کی ہدایت، مدھیہ پردیش میں چکن درآمدات پر پابندی
نئی دہلی:( ناز میڈیا ) ہندوستان کی مختلف ریاستوں میں برڈفلو کی وبا چل رہی ہے۔ اس سے اب تک لاکھوں مرغیاں اور پرندے ہلاک ہوچکے ہیں۔ حکام نے برڈ فلو کو سنگین قرار دیا ہے۔ کئی مقامات پر مرغیوں کو خود پولٹری فارم کے مالکین نے تلف کردیا اور سینکڑوں انڈے بھی زمین میں دفن کردیئے گئے۔ 30 ستمبر 2020ء میں ہی اعلان کیا گیا تھا کہ ہندوستان برڈفلو جیسے امراض سے پاک ہوگیا ہے۔ سب سے پہلے برڈفلو کی وباء 2006ء میں پھیلی تھی۔ مرکز نے آج کہا کہ برڈفلو پھوٹ پڑنے کی اطلاعات ملک کی چار ریاستوں سے آرہی ہیں۔ کیرالا، راجستھان، مدھیہ پردیش اور ہماچل پردیش میں برڈفلو پھیل چکا ہے۔ دیگر ریاستوں کو بھی خبردار کیا گیا ہیکہ وہ برڈفلو پر قابو پانے کیلئے احتیاطی اقدامات کریں۔ مرکزی وزارت سمکیات اور انیمل ہسبنڈری نے ریاستوں کو غیرمعمولی چوکسی اختیار کرنے کا مشورہ دیا۔ مدھیہ پردیش نے جنوبی ریاستوں سے چکن کی درآمدات پر پابندی عائد کردی ہے۔ مدھیہ پردیش کے متعدد اضلاع میں برڈ فلو کی اطلاعات کے درمیان وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے یہاں اعلی افسران سے ایک اعلی سطحی میٹنگ میں حالات کا جائزہ لیا اور مدھیہ پردیش کے متعدد اضلاع میں برڈ فلو کے پھیلنے کی اطلاعات کے درمیان متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات دیں۔سرکاری ذرائع کے مطابق مسٹر چوہان نے اندور روانگی سے قبل سینئر افسران کے ساتھ ایک میٹنگ کی۔ اس نے ریاست میں برڈ فلو کی روک تھام ،اور ان پر قابو پانے کی کوششوں کا جائزہ لیا۔ افسران نے اجلاس میں مسٹر چوہان کو بتایا کہ فی الحال ریاست میں ایسا کوئی مسئلہ نہیں ہے ، لیکن احتیاطی تدابیر کے لئے ضروری اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ اضلاع کو مرکزی حکومت کے جاری ایڈوائزری سے آگاہ کیا گیا ہے۔ احتیاط کے طور جنوبی ہند سے ہونے والی پولٹری وغیرہ کی تجارت پر جزوی پابندی عائد کردی گئی ہے۔
0 تبصرے