بے چینی و بے سکونی کا خاتمہ خلق خدا کو خالق سے جوڑنے میں مضمر
حضرت سید شاہ احمد قتال حسینی ؒ کولم پلی کے موقع پر جلسہ فیضان اولیائ۔ عرس شریف تقاریب کا اختتام
حیدرآباد 10۔جنوری (ناز میڈیا ) حضرت سید شاہ احمد قتال حسینی ؒ کولم پلی کے 546 ویں عرس شریف کا عقیدت و احترام کے ساتھ اختتام عمل میں آیا۔ مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے علماءمشائخ اور بلا لحاظ مذہب ملت زائرین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مولانا سید شاہ حفیظ اللہ حسینی سجادہ نشین نے عرس تقاریب کی صدارت کی۔ مولانا مفتی محمد آصف رضا اشرفی نے کہا کہ اولیاءکرام نے دنیا کے ہر خطہ میں دین متین کی ترویج و اشاعت کے لئے خود کو وقف کردیا تھا جس کی وجہ سے ان کی خانقاہوں سے ہر مذہب و قوم کے لوگ رجوع ہوتے اور اپنے مسائل کا انہیں حل مل جاتا تھا۔ بے چین دلوں کو تسکین اور راحت اولیاءکرام کی بارگاہوں سے حاصل ہوجاتی ہے۔ آج دنیائے انسانیت بے چینی و بے سکونی میں مبتلا ہے ۔ انہیں سکون و راحت صرف اللہ کے ذکر سے اور اللہ کے فضل و کرم سے اللہ کی ذات میں فنا ہوجانے والے اولیاءکرام کی ذات مبارکہ سے مل سکتی ہے‘ اس لئے ضروری ہے کہ خلق خدا کو خالق سے جوڑا جائے‘اولیاءکرام کی بارگاہوں سے منسلک کیا جائے۔مولانا مفتی محمد آصف رضا اشرفی نے حضرت سید شاہ احمد قتال حسینی ؒ کولم پلی کے عرس شریف کے موقع پر جلسہ فیضان اولیاءسے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ عرس شریف میں جلسہ فیضان اولیا ءکے علاوہ محفل نعت و محفل سماع کا انعقاد عمل میں آیا۔ عرس تقاریب میں علماءمشائخ کی کثیرتعداد شریک تھی جن میں قابل ذکر مولانا سید شاہ ولی بادشاہ حسنی حسینی قادری الجیلانی ہاشم پاشاہ ‘ مولانا سید شاہ رحمت محمد محمد الحسینی بندہ نوازی قادری چشتی جامع سلاسل ‘ مولانا سید سادات اللہ شاہ بخاری دست ور چشتی قادری‘ مولانا صوفی خواجہ محمد غازی الدین چشتی ابوالعلائی جہانگیری ‘ مولانا سید شاہ خواجہ محمد محمد الحسینی بندہ نوازی قادری طلحہ پاشاہ ‘ مولانا سید شاہ ولی اللہ محمد محمد الحسینی بندہ نوازی نصیر پاشاہ ‘ مولانا غلام سبحانی صدیق القادری چشتی‘ مولانا سید شاہ معین الدین احمد قادری نور دریا ‘ پیر زادہ سید شاہ احمد بادشاہ حسنی حسینی جیلانی قادری معظم بابا‘ مولانا سید شاہ معز پاشاہ حسینی ہاشمی قادری اور دوسرے شریک تھے۔ پیر زادہ حافظ سید شاہ عنایت اللہ حسینی کی قرات کلا م پاک سے تقاریب کا آغاز ہوا۔ صوفی محمد برہان وارثی نے منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ بنگلور کے قوال محمد شبیر تاج نے ساز پر کلام پیش کیا۔ پیر زادہ سید شاہ رحمت اللہ حسینی ‘ پیرزادہ سید شاہ کلیم اللہ حسینی ‘ پیر زادہ سید شاہ آیت اللہ حسینی نے مہمانوں کا خیر مقدم کیا ۔ گلپوشی اور شال پوشی کی۔ انتظامات کی نگرانی کی آخر میں شکریہ ادا کیا۔
0 تبصرے