دوسال میں جمع ایک شخص کی پانچ لاکھ رروپئے کی رقم دیمک کھاگئی
حیدرآباد۔( ناز میڈیا )ایک شخص کی خون پسینہ کی جمع کی ہوئی پونجی کو دیمک نے صاف کردیا۔یہ واقعہ اے پی کے ضلع کرشنا میں پیش آیا۔تفصیلات کے مطابق ضلع کے میلاورم ٹاون سے تعلق رکھنے والے شخص جس کی شناخت بی جمالیا کے طورپر کی گئی ہے ، اس واقعہ میں اپنی جمع بچت سے محروم ہوگیا۔اس نے اپنے گھر میں ایک لوہے کی صندوق میں یہ رقم رکھی تھی تاہم نوٹوں کو دیمک کھاگئی اور اس کی دوسال کی جمع پونجی، تلف شدہ نوٹوں میں تبدیل ہوگئی۔اس کو یہ دیکھ کر کافی حیرت ہوگئی۔اس واقعہ کی اطلاع کے ساتھ ہی لوگوں کی بڑی تعداد اس کے گھر کے پاس جمع ہوگئی اور اس واقعہ کا ویڈیو سوشیل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمس پر تیزی سے وائرل ہوگیا۔بتایاجاتا ہے کہ یہ رقم پانچ لاکھ روپئے کی تھی۔اس شخص کا تعلق غریب خاندان سے ہے جو مقامی وجئے واڑہ روڈ پر بکرے کے گوشت کی دکان چلایا کرتا ہے ۔بتایاجاتا ہے کہ وہ اپنے بوسیدہ مکان کی تعمیر کرنا چاہتا تھا جس کے لئے اس نے جمع پونجی کا استعمال کرنے کا ارادہ کیا اور جب اس مقصد کیلئے اس نے اپنی جمع پونجی کو نکالنے کیلئے لوہے کے صندوق کو نکالا تو اس کو صدمہ لگاکیونکہ ان تمام نوٹوں کو دیمک کھاگئی تھی۔واقعہ کی اطلاع کے ساتھ ہی پولیس وہاں پہنچی جس نے اس کے مکان پہنچ کر تفصیلات حاصل کی۔
0 تبصرے