بیدر: 26فروری ( ناز میڈیا ) محمد معظم جنرل سیکریٹری تنظیم رابطۂ ملت ضلع بیدر کی جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق تنظیم رابطۂ ملت کی مجلس عاملہ کا اجلاس مسجد نورخاں تعلیم بیدر میں منعقد ہوا۔ اس اجلاس کی صدارت مولانا سید عبدالوحید قاسمی صدر رابطہ ملت ضلع بیدر نے کی۔ اجلاس کا آغاز مولانا مونس کرمانی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ محمد معظم جنرل سیکرٹری رابطہ ملت نے مولانا سید عبدالوحید قاسمی صاحب کی صدارت میں رابطہ ملت کی کارگزاری کی تفصیلات بیان کیں اور اجلاس کو واقف کروایا کہ مولانا سید عبدالوحید قاسمی کسی ناگزیر وجوہات کی بناء پر مستعفی ہو رہے ہیں۔ شرکائے اجلاس نے مولانا محترم سے اصرار کیا کہ وہ مستعفی نہ ہو، لیکن مولانا نے اپنی نجی مصروفیات کے سبب مستعفی ہونا ہی پسند کیا۔ مولانا موصوف کے اصرار پر تمام شرکاء نے آپ کی درخواست قبول کرلی۔
NEWS & ADVERTISMENT CONTACT 9880736910
بعدازاں مجلس عاملہ کے اجلاس میں مولانا کے استعفی کو قبول کرنے کے بعد محمد رفیق احمد نے ڈاکٹر عبدالقدیر کا نام صدارت کے لیے پیش کیا۔ جس پر اجلاس میں شریک محمد کفایت اللہ صدیقی، مولانا مونس کرمانی، مولانا عتیق الرحمن رشادی، شیخ مجیب الرحمن قاسمی، حامد محی الدین قادری، اختر محی الدین، خلیل احمد، محمد فراست علی ایڈوکیٹ، محمد آصف الدین، محمد نظام الدین، محمد امیر الدین، محمد یوسف الدین، افتخار احمد اور دیگر حاضرین نے ڈاکٹر عبدالقدیر کے نام کی فردا فردا تائید کی۔
اس طرح سے ڈاکٹر عبدالقدیر کو صدر رابطہ ملت ضلع بیدر منتخب کر لیا گیا۔ اسی اجلاس میں باضابطہ طور پر مولانا سید عبدالوحید قاسمی نے اعلان فرمایا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر متفقہ طور پر صدر رابطہ ملت ضلع بیدر منتخب ہوئے ہیں۔ نومنتخب صدر نے اس موقع پر اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے کہا کہ اتحاد ملت وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ اس کو فروغ دینے کے لیے ہمہ وقت سرگرم رہنے کی ہم کوشش کریں گے۔ ساتھ ہی رابطہ ملت کے تمام امور کی انجام دہی کے لیے باہمی مشاورت کو پیش نظر رکھا جائے گا۔ سابق صدر سید عبدالوحید قاسمی کی دعا پر اجلاس اپنے اختتام کو پہنچا۔
NEWS & ADVERTISMENT CONTACT 9880736910
0 تبصرے