سید ذوالفقار ہاشمی کا انتقال

             سید ذوالفقار ہاشمی کا انتقال

بیدر 20اپریل۔( ناز میڈیا )۔یہ خبر انتہائی دُکھ کے ساتھ پڑھی جائے گی کہ بیدر کے سابق رکن اسمبلی جناب سید ذوالقفار ہاشمی کا انتقال پُر ملال ہوگیا ہے۔کرناٹک کے معروف سیاسی رہنما بیدر کے سابق رکن اسمبلی کے انتقال پر مُختلف سیاسی و سماجی قائدین نے اپنے دلی رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ سید ذوالفقار ہاشمی ایک سرگرم سیاسی رہنما ہونے کے ساتھ مسلمانوں کے ملی مسائل سے دلچسپی رکھتے تھے اور انھوں نے مختلف موقعوں پرقومی و ملی بیداری کاثبوت دیا۔ وہ سماجی و انفرادی زندگی میں بھی ایک خوش اخلاق،سادہ مزاج اور مخلص انسان تھے، انھوں نے سیاسی محاذ پر بھی ہمیشہ مسلمانوں کی خیر خواہی و فلاح کے بارے میں فکرمندی کا مظاہرہ کیا۔ سیاسی طورپراہم عہدوں پرہونے کے ساتھ ملک کے اہم ملی اداروں سے بھی ان کی وابستگی رہی اورانہوں نے ہر پلیٹ فارم سے مسلمانوں کی خدمت کی۔ سید ذوالفقار ہاشمی کی وفات کو بیدر کے مسلمانوں کے ساتھ پور ریاست ِ کرناٹک کے مسلمانوں خسارہ قرار دیا اور کہا کہ آج کے دور میں ان کے جیسے مخلص اور کام کرنے والے سیاسی لیڈران کاملنا مشکل ہے۔ کرناٹک کے ایک مخلص و فعال مسلم رہنما کی رحلت ملت کا بڑا نقصان ہے- بتایاجاتا ہے کہ وہ ڈائلیسس پرتھے اور اسی بیماری میں چل بسے۔ یاد رہے سید ذوالفقار ہاشمی 1994 میں بیدر سے بہوجن سماج پارٹی کے امیدوار کے طور پر مقابلہ کیا تھا، اور جیت حاصل کی تھی، ایک واحد ایسا شخص جو اپنی پوری زندگی اردو کی بقاء لیے کام کیا، یہاں تک کے انھوں نے کرناٹک کی اسمبلی میں حلف بھی اُردو میں ہی لیا تھا۔ان کے انتقال سے مسلم لیڈر کا خلا پیدا ہوگیا ہے جس کی تلافی ممکن نظر نہیں آرہی ہے۔ وہ ایک سیاست داں ہی نہیں تھے، بلکہ قوم و ملت کے ہمدرداور فعال اور متحرک سیاست داں تھے۔ ایوان میں اور ایوان کے باہر مسلمانوں کے مختلف مسائل کے تئیں ملی قائدین میں بیداری پیدا کرنے اور سیاسی پارٹیوں کو ان مسائل کے حل کے لیے دباؤ بنانے کے لیے ترجیحی طور پر پیش رفت کیا کرتے تھے۔سید ذوالفقار ہاشمی کی نمازِ جنازہ آج بعد نمازِ ظہر جامع مسجد بیدر میں ادا کی گئی۔اور تدفین احاطہ قبرستان چوکھنڈی ایشٹور میں عمل میں آئی پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ بیرسٹر طلحہ ہاشمی کے بشمول 3 فرزندان اور 2 لڑکیاں شامل ہیں ۔اللہ سے دعا ہے کہ الله مرحوم کی مغفرت فرمائے ‘ جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا کرے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے – ( آمین)

NEWS & ADVERTISMENT CONTACT 9880736910 


ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے