پونے کی سینٹائیزر فیکٹری میں آتشزدگی 18 اموات
پونے 8جون ( ناز میڈیا ) مہاراشٹرا کے شہر پونے میں آج ایک کیمیکل فیکٹری میں مہیب آتشزدگی کے نتیجے میں کم اـز کم 18 ملازمین کی موت ہوگئی اور کئی دیگر لاپتہ ہیں۔ اس فیکٹری میں سینٹائیزر تیار کیا جاتا ہے ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے ورکرس کی اموات پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق پونے کی ایس وی ایس ایکوا ٹکنالوجیز کے پلانٹ میں آتشزدگی کی اطلاع کے ساتھ ہی کم از کم چھ فائیر انجن تیزی سے پہونچ گئے ۔ مقامی فائیر ڈپارٹمنٹ نے ایک نیوز چینل کو بتایا کہ آتشزدگی کے وقت فیاکٹری میں کم از کم 37 ملازمین کام کررہے تھے ، اُن میں سے تقریباً 20 کو بچالیا گیا ہے۔ سینٹائیزر فیکٹری کے احاطہ سے سیاہ دھویں کے بادل نکلتے دیکھے گئے۔ فیاکٹری کے لوگ اپنی جان بچانے کی خاطر گیٹ کی طرف بھاگنے لگے جبکہ بعض دیگر خوف میں مبتلا ہوکر اپنی اپنی جگہ ٹھہرے رہے۔ فائیر ڈپارٹمنٹ نے بتایا کہ فیکٹری کے احاطہ میں پلاسٹک کے اشیاء کی پیاکنگ کے دوران آگ بھڑک اُٹھی ۔ پیاکیجنگ سکشن میں کسی چیز کو آگ پکڑی اور تیزی سے پھیل گئی ۔ اطراف میں پلاسٹک پھیلا ہوا تھا جس کے سبب آگ تیزی سے پھیل گئی اور پلاسٹک کی وجہ سے آگ مزید مہلک ثابت ہوئی ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ آگ پر قابو پالیا گیا ہے اور لاپتہ ورکرس کی تلاش جاری ہے ۔ مقامی حکام پتہ چلانے کی کوشش کررہے ہیں کہ آگ بھڑکنے کی حقیقی وجہ کیا ہوئی ۔ متعلقہ فیکٹری انچارج اور دیگر ذمہ داروں سے پوچھ تاچھ کی جارہی ہے ۔ ریاستی حکومت نے بھی واقعہ کا نوٹ لے کر ضروری کارروائی کی ہدایت دی ہے ۔
NEWS & ADVERTISEMENT CONTACT 9880736910
0 تبصرے