پیر 5 جولائی سے حکومت کرناٹکا کا کورونا لاک ڈاون میں مزید چھوٹ دینے کا اعلان؛ عبادتگاہوں کو کھولنے کی ملی اجازت؛ ویکینڈ کرفیو بھی ہٹانے کا اعلان
بنگلور 3 جولائی ( ناز میڈیا ) حکومت کرناٹک نے پیر 5 جولائی سے کورونا لاک ڈاون میں مزید چھوٹ دینے کا اعلان کیا ہے جس کے مطابق پیر سے عبادت گاہوں کو کھولنے کی اجازت ہوگی اسی طرح میٹرو سمیت پبلک ٹرانسپورٹ بھی تمام نشستوں پربیٹھنے کی اجازت کے ساتھ شروع کیا جائے گا۔ پیر سے مالس اور دفاتر کو بھی اپنے تمام اسٹاف کے ساتھ کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔
سنیچر کو آن لاک 3.0 کا اعلان کرتے ہوئے وزیراعلیٰ یڈی یورپا نے بتایا کہ حکومت نے ماہرین کی صلاح کے بعد کووِڈ لاک ڈاون میں مزید چھوٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے، یہ چھوٹ 5 جولائی سے 19 جولائی تک کے لئے دی گئی ہے۔ یڈی یورپا نے بتایا کہ رات کا کرفیو رات نو بجے سے صبح پانچ بجے تک بحال رہے گا،ا لبتہ ویکینڈ کرفیو کو ختم کیا جارہا ہے۔
حکومت نے شادی بیاہ اس طرح کے دیگر پروگرام کے لئے سو مہمانوں کو شریک ہونے کی چھوٹ دی ہے البتہ کسی کی میت ہونے پر آخری رسومات کے لئے صرف 20 لوگوں کو شریک ہونے کی اجازت دی گئی ہے۔
یڈی یورپا نے پیر سے عبادتگاہوں میں عبادت کرنے کی بھی اجازت دینے کا اعلان کیا ہے، انہوں نے کہا کہ مندروں کو درشن کے لئے کھولنے کی اجازت ہوگی، البتہ مندروں میں خصوصی سیوا کی اجازت نہیں ہوگی۔اپنے خطاب یا حکومت کی جانب سے جاری کئے گئے سرکیولر میں مسجدوں کا ذکر نہیں کیا گیا ہے، البتہ سمجھا جاسکتا ہے کہ مسجدوں میں نماز پڑھنے کی اجازت دی گئی ہے۔ اسپورٹس کامپلیکس، اسٹڈیم اور سوئمنگ پولس کو صرف تربیت دینے کے ارادےسے کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔
سینما ہال ،تھیٹرس اور شراب خانوں پر پابندی جاری رہے گی اسی طرح اگلے احکامات جاری ہونے تک تمام تعلیمی ادارے بھی بند رہیں گے۔ یڈی یورپا نے کہا کہ ہم اس تعلق سے ایک میٹنگ کا انعقاد کرکے اس معاملے پرمزید بات چیت کریں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ضلع کے ڈپٹی کمشنروں کو یہ اختیار ہوگا کہ وہ اپنے علاقوں کے حالات کو دیکھتے ہوئے اپنے علاقوں میں ضروری پابندیاں عائد کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پندرہ دن تک ریاست کے حالات کا جائزہ لیں گے، اگر عوام نے تعاون نہیں کیا اور عوامی جگہوں پر کووِڈ گائیڈلائنس پر عمل نہیں ہوا ، تو حکومت دی گئی راحت کو ہٹا بھی سکتی ہے اور مزید پابندیاں عائد کرسکتی ہے۔ انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ جو چھوٹ دی گئی ہےاس کا غلط استعمال نہ کریں اور کووڈ گائیڈلائنس پر سختی کے ساتھ عمل کریں۔
NEWS & ADVERTISEMENT CONTACT 9880736910
0 تبصرے