ریاست بھر میں بارش کا سلسلہ جاری اضلاع میں کئی پراجیکٹس سے پانی کا اخراج

ریاست بھر میں بارش کا سلسلہ جاری اضلاع میں کئی پراجیکٹس سے پانی کا اخراج


حیدرآباد۔14جولائی ( ناز میڈیا ) تلنگانہ میں مانسون دوبارہ سرگرم ہوچکا ہے اور بیشتر اضلاع میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔ کالیشورم پراجکٹ کے کئی مقامات پر دروازوں کو پانی کے اخراج کیلئے کھول دیا گیا ہے ۔ورنگل میں مسلسل بارش کے سبب تالاب ' نہر اور ندیاں لبریز ہوچکی ہیں اور کوئلہ کی کانوں میں کانکنی کو روک دیا گیا ہے ۔ورنگل میںبارش کے دوران دو افراد کی موت واقع ہوئی ہے جس میں ایک شخص برج عبور کرنے کے دوران بہہ جانے کے علاوہ بجلی گرنے کے سبب ایک شخص کی موت واقع کی اطلاع ہے۔ ضلع جئے شنکر بھوپل پلی میں واقع لکشمی بیاریج کے 24 دروازے کھول دئیے گئے تاکہ پانی کے اخراج کو یقینی بنایا جاسکے علاوہ ازیں بھدادری کتہ گوڑم میں موجود تالی پور پراجکٹ کے 4 دروازو ںکو کھول دیا گیا۔ ریاست کے بیشتر تمام اضلاع بالخصوص شہر حیدرآباد و سکندرآباد' وقارآباد' سدی پیٹ' ورنگل ' میڑچل'ملکاجگری' محبوب نگر' کریم نگر کے علاوہ دیگر مقامات پر گذشتہ شب سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ دونوں شہروں میں گذشتہ شب سے جاری بارش کے سبب شہر میں عام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی اور شہر کے بیشتر نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہونے کی شکایات موصول ہوئیں۔ رات دیر گئے تک بارش کے بعد صبح کی اولین ساعتوں سے ہی ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ سہ پہر تک جاری رہا۔ سہ پہر میں موسلادھار بارش کچھ دیر کیلئے جاری رہی ۔ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی میں کہا گیا کہ ریاست کے جنوب مغربی اضلاع میں آئندہ تین یوم کے دوران بارش کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ جئے شنکر بھوپل پلی ضلع میں 8.45 سینٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ ضلع محبوب آباد میں 8.13 سینٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ بھدادری کتہ گوڑم میں 7.23 سینٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی اسی طرح ملوگو میں 6.85 سینٹی میٹر بارش ہوئی۔عادل آباد' کمرم بھیم ' نرمل' بھینسہ' نظام آباد' ورنگل' کاماریڈی کے علاوہ دیگر اضلاع میں بھی زبردست بارش ریکارڈ کی گئی ہے اور اب بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ حکومت کی جانب سے محکمہ موسمیات کے انتباہ کے پیش نظر محکمہ مال اور محکمہ آبپاشی کو چوکس کردیا گیا ہے ۔ ریاست کے کئی اضلاع میں نہروں کے تیز بہاؤ کے سبب پل بہہ جانے کی شکایات بھی موصول ہوئی ہیں جن کا محکمہ آبپاشی اور عمارات و شوارع کی جانب سے جائزہ لیا جارہا ہے۔ مواضعات میں بارش کے سبب پیدا شدہ صورتحال سے ضلع کلکٹرس آگہی حاصل کررہے ہیں اور بلدیات کے علاوہ پنچایت کے عہدیدارو ںکو متحرک رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں کیونکہ آئندہ 72 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کا امکان ہے۔دونوں شہروں میں سب سے زیادہ بارش مشیر آباد میں ریکارڈ کی گئی جبکہ بندلہ گوڑہ 'سیتا پھل منڈی ' مونڈا مارکٹ کے علاوہ سکندرآباد'سری نگر کالونی ' آصف نگر' بنجارہ ہلز ' چارمینار' اپل ' خیریت آباد و دیگر علاقوں میں بھی زبردست بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔مجلس بلدیہ عظیم ترحیدرآباد کی جانب سے ان سڑکو ںپر جہاں پانی جمع ہوا کرتا ہے مین ہول کے ڈھکن ہٹا دیئے گئے اور پانی کے بہاؤ کو بہتر بنانے عملہ کومین ہولس کی صفائی کرتے دیکھا گیا۔ شہر کے نشیبی علاقوں میں بھی پانی جمع ہونے سے روکنے ای وی ڈی ایم کے عملہ متحرک کردیا گیا تھا جس کے سبب نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کو بہتر بنایا جاسکا۔ مئیر جی ایچ ایم سی مسز جی وجیہ لکشمی نے شہر میں بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا او رعہدیدارو ںکو بارش کے دوران مخدوش عمارتو ںکے انہدام کی کاروائیوں کو تیز کرنے کے علاوہ جن مقامات پر تعمیری کام جاری ہیں بالخصوص ان تعمیری کاموں کو روکنے کے اقدامات کی ہدایت دی جن عمارتوں میں سیلر تعمیر کئے جارہے ہیں۔ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر لوکیش کمار نے بھی شہر میں بارش کے سبب پیدا شدہ صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد ماتحت عہدیداروں کو نشیبی علاقوں پر خصوصی نظر رکھنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

NEWS & ADVERTISEMENT CONTACT 9880736910


ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے