ریونت ریڈی نے پردیش کانگریس کی صدارت سنبھال لی
حیدرآباد۔8 ۔جولائی( ناز میڈیا ) تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کو دوبارہ برسر اقتدار لانے کے عزم کے ساتھ اے ریونت ریڈی رکن پارلیمنٹ ملکاجگری نے صدر پردیش کانگریس کے عہدہ کی ذمہ داری سنبھال لی ۔ گاندھی بھون میں مرکزی اور ریاستی قائدین کے علاوہ ہزاروں کارکنوں اور حامیوں کی موجودگی میں ریونت ریڈی نے اتم کمار ریڈی سے جائزہ حاصل کیا ۔ اس موقع پر کانگریس قائدین کی جانب سے بھرپور اتحاد کا مظاہرہ کیا گیا اور ریونت ریڈی اور ان کے ساتھی عہدیداروں سے مکمل تعاون کا اعلان کیا گیا ۔ گاندھی بھون کے باہر جشن کا ماحول تھا اور جائزہ حاصل کرنے کے بعد جلسہ عام منعقد ہوا جس سے تمام اہم قائدین نے مخاطب کیا۔ جائزہ حاصل کرنے کے موقع پر جنرل سکریٹری انچارج تلنگانہ مانکیم ٹیگور ایم پی ، اے آئی سی سی انچارج سکریٹریز بوس راجو ، سرینواسن کرشنن ، گوا کے صدر پردیش کانگریس گریش چاؤڈیکر ، انڈامان کے پی سی سی صدر کلدیپ شرما ، رکن پارلیمنٹ ارنا کلم آئی بی ہوڈان، اے آئی سی سی جنرل سکریٹری طارق انور ، تشہیری کمیٹی کے صدرنشین مدھو یاشکی گوڑ ، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا ، سابق اپوزیشن لیڈر کے جانا ریڈی ، محمد علی شبیر ، سابق صدر پردیش کانگریس پونالہ لکشمیا، ورکنگ پریسیڈنٹس گیتا ریڈی ، انجن کمار یادو ، محمد اظہر الدین ، مہیش کمار گوڑ ، سابق ڈپٹی چیف منسٹر دامودر راج نرسمہا ، سمپت کمار ، ومشی چند ریڈی ، ناگم جناردھن ریڈی ارکان اسمبلی سیتکا، جگا ریڈی ، سریدھر بابو ، نائب ملو روی ، اے آئی سی سی ترجمان ڈاکٹر شراون کے علاوہ مختلف اضلاع کے ضلعی صدور موجود تھے۔ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مانکیم ٹیگور نے بتایا کہ سونیا گاندھی نے کمیٹی کی تشکیل کے وقت کہا تھا کہ انہیں ایسی ٹیم چاہئے جو تلنگانہ میں کانگریس کا اقتدار واپس لاسکے ۔ سونیا گاندھی کے مقصد کی تکمیل کی ذمہ داری ریونت ریڈی اور ان کی ٹیم پر عائد ہوتی ہے ۔ اتم کمار ریڈی نے ریونت ریڈی اور ان کی ٹیم سے نیک تمناؤںکا اظہار کیا اور کہا کہ 2023 ء میں کانگریس کو برسر اقتدار لانے کیلئے وہ جدوجہد میں شامل رہیںگے۔ ریونت ریڈی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سونیا گاندھی اور راہول گاندھی نے جو ذمہ داری دی ہے وہ اسے بخوبی نبھائیں گے ۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں سے کہا کہ وہ آئندہ کسی بھی موقع پر شخصیتوں کے نام پر نعرے بازی بند کریں اور صرف سونیا ، راہول کے حق میں نعرے لگائیں۔ انہوں نے کہا کہ کارکنوں کو آئندہ دو سال تک گھر چھٹی حاصل کرنی چاہئے ۔ تلنگانہ تلی کو کے سی آر
نے تلنگانہ بھون میں قید کر رکھا ہے اور سونیا گاندھی نے مجھے آزاد کرانے کی ذمہ داری دی ہے جس طرح رام نے سیتا کو راون سے آزاد کرایا تھا ، اسی طرح میں کارکنوںکی مدد سے تلنگانہ تلی کو آزاد کراؤں گا۔ انہوں نے تمام طبقات کے ساتھ متحدہ جدوجہد کا یقین دلایا ۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا نے پارٹی کے استحکام اور ٹی آر ایس حکومت کے خلاف جدوجہد میں مکمل تعاون کا یقین دلایا ۔
NEWS & ADVERTISEMENT CONTACT 9880736910
0 تبصرے