ہندوستان میں 15 تا 18 سال کے بچوں کی ٹیکہ اندازی کا 3 جنوری سے آغاز
نئی دہلی26 دسمبر ( ناز میڈیا )وزیر اعظم نریندر مودی نے آج رات قوم سے خطاب میں اعلان کیا کہ ملک میں 15 سے 18 سال تک کی عمر کے افراد کی ٹیکہ کاری 3 جنوری 2022 سے شروع کی جائے گی۔ اس کے علاوہ جنوری میں ہی طبی اہلکاروں، فرنٹ لائن ورکرز اور معمر افراد کیلئے کورونا کی احتیاطی خوراک کی فراہمی کا بھی اعلان کیا ۔ اپنے خطاب کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ موجودہ وقت میں اومی کرون پر بحث جاری ہے۔ دنیا میں اس کے تجربات اور اندازے بھی الگ الگ ہیں۔ ہندوستان کے سائنسدان بھی اس پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور اس پر کام کر رہے ہیں۔ سائنسدانوں کے ہندوستان اور دنیا کے تجربات کو ملحوظ خاطر رکھتے حکومت نے چند فیصلے کیے ہیں، جن سے کورونا کے پھیلاو کو روکنے میں مدد ملے گی۔بچوں کی ٹیکہ کاری کا فیصلہ کورونا کے خلاف ملک کی لڑائی کو مضبوط کرے گا ، ساتھ ہی اسکولوں میں جا رہے بچوں اور ان کے والدین کی تشویش کو بھی کم کرے گا۔وزیر اعظم نے مزید کہا کہ طبی اہلکاروں کا ملک کو محفوظ رکھنے میں اہم کردار ہے، لہذا ہیلتھ کیئر اور فرنٹ لائن ورکرز کو 10 جنوری 2022 سے ویکسین کی احتیاطی خوراک یعنی بوسٹر ڈوز دی جائے گی۔ اس کے علاوہ پہلے سے ہی کسی بیماری میں مبتلا 60 سال سے زیادہ عمر کے بزرگوں کو بھی، ان کے ڈاکٹروں کی صلاح پر ویکسین کی احتیاطی خوراک 10 جنوری 2022 سے ہی شروع کی جائے گی۔وزیر اعظم نے کہا کہ افواہ پھیلانے کی جو کوشش کی جا رہی ہے، اس سے اجتناب کرنا چاہئے۔ ہم سبھی ملک کے شہریوں نے دنیا کا سب سے بڑا ٹیکہ کاری پروگرام چلایا ہے، آنے والے دنوں میں ہمیں اسے مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ کورونا کا خطرہ ابھی ٹلا نہیں ہے لہذا ماسک ضرور استعمال کریں، جسمانی دوری برقرار رکھیں اور ہاتھوں کو بار بار دھوتے رہیں تاکہ آپ خود کو کورونا سے محفوظ رکھ سکیں۔
NEWS & ADVERTISEMENT CONTACT 9880736910
NEW & ADVERTISEMENT CONTACT 9880736910
NEWS & ADVERTISEMENT CONTACT 9880736910
0 تبصرے