حرمین شریفین میں سماجی فاصلے کی تحدید دوباره لاگو
ریاض1جنوری ( ناز میڈیا )حرمین کے امور کی اعلی انتظامیہ نے مسجد حرام (مکہ مکرمہ) اور مسجد نبوی (مدینہ منورہ) میں نمازیوں کے بیچ جسمانی فاصلے کی نشانیاں پھر سے لگا دی ہیں۔ یہ اْن احتیاطی اقدامات کا حصہ ہے جن کا مقصد نمازیوں کے بیچ دوری کو لاگو کرنا ہے۔ نمازوں کے مصلوں کو بھی تقسیم کر دیا گیا ہے۔یہ پیش رفت مملکت میں کورونا وائرس اور اس کی مختلف صورتوں کے کیسوں میں ایک بار پھر اضافے کے بعد دیکھنے میں آ رہی ہے۔اعلی انتظامیہ کی جانب سے نمازیوں اور زائرین کو مطلوب تمام خدمات پیش کی جا رہی ہیں۔ اس دوران میں سینی ٹائزیشن کا عمل بڑھا دیا گیا ہے حرمین کی اعلی انتظامیہ نے باور کرایا ہے کہ وہ مسجد حرام اور مسجد نبوی میں مختلف حکومتی اداروں اور سیکورٹی و صحت کے سیکٹروں کے ساتھ فعال شراکت داری کے ساتھ رابطہ کاری سے کام کر رہی ہے۔اس کا مقصد ہنگامی صورت حال میں اعلی ترین معیارات اور تیزی کے ساتھ نبرد آزما ہونا ہے۔حرمین کی اعلی انتظامیہ نے تمام لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ احتیاطی اقدامات اور حفاظتی تدابیر پر عمل کریں۔ ان میں سماجی فاصلہ اور ماسک لگانا شامل ہے۔ علاوہ ازیں ہدایت کی گئی ہے کہ معتمرین اور نمازیوں کی سلامتی کی خاطر بھیڑ اور ہجوم کے مقامات سے گریز کریں۔سعودی عرب میں کورونا کی وبا کے حوالے سے متعدد حفاظتی اقدامات کو دوبارہ سے لازم کر دیا گیا ہے جن میں چہرے پر ماسک لگانا سرفہرست ہے۔ یہ اقدام ایسے وقت سامنے آیا ہے جب دنیا بھر میں کورونا کی نئی صورت اومی کرون سے متاثر افراد کی تعداد میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ سعودی وزارت داخلہ کے ذمے دار ذرائع نے بتایا کہ مملکت میں (بند یا کھلے) تمام مقامات پر اور سرگرمیوں اور تقریبات میں ماسک لگانے اور سماجی فاصلہ رکھنے کی پابندی دوبارہ سے عائد کر دی گئی ہے۔ریاض سے سعودی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ماسک نہ پہننے پر ایک ہزار ریال جرمانہ ہوگا۔دوسری جانب سعودی وزارت بلدیات نے اپنے ذیلی اداروں کو تجارتی مراکز میں تفتیشی دورے کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
NEWS & ADVERTISEMENT CONTACT 9880736910
0 تبصرے