مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز شاعری کی مذمت سگر شریف میں بین ریاستی مشاعرے کا کامیاب انعقاد
گلبرگہ 17اگست ( ناز میڈیا اردو ) اردو کے شعراء نے آزادی سے قبل حب الوطنی کی شاعری کی اور آزادی کے بعد سے آج تک بھی اردو کے شعراء حب الوطنی کی شاعری کررہے ہیں۔حب الوطنی کی شاعری کاجواثاثہ اردو زبان میں ہے وہ کسی اور زبان میں نہیں ہے۔ اس خیال کا اظہار سینئر صحافی عزیز اللہ سرمست صدر حضرت صوفی سرمست اسلامک اسٹڈی سرکل گلبرگہ نے کیا ہے۔وہ کل دوپہر مدرسہ دعوت الحق دکنی محلہ سگر شریف تعلقہ شاہ پور ضلع یادگیرمیں منعقدہ بین ریاستی مشاعرہ میں صدارتی تقریر کررہے تھے۔ آزادی کے امرت مہااتسو کے موقع پر حضرت صوفی سرمست اسلامک اسٹڈی سرکل گلبرگہ کے زیر اہتمام بین ریاستی مشاعرے کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا۔ عزیز اللہ سرمست نے اس بات پر سخت اظہار تاسف کیا کہ آج ملک میں نفرت کا ماحول گرمایا جا رہاہے نفرت کو پھیلانے میں شعراء بھی پیش پیش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یوٹیوب پر مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز شاعری اور گانوں کی بھر مار ہے۔ شاعری نے ملک کی تحریک آزادی میں حب الوطنی اور جوش و ولولہ پیدا کیا آج شاعری کو نفرت پھیلانے کے لئے استعمال کیا جار ہا ہے۔ عزیز اللہ سرمست نے مزید کہا کہ نفرت کے ایسے ماحول میں بھائی چارہ اور قومی ایکجہتی کو فروغ دینے کے لئے اردو کے شعراء کو تحریک آزادی کی طرح ایک بار پھر سرگرم رول اداکرنے کے لئے آگے آنا چاہئے۔ انہوں نے سگر شریف کی علمی، تاریخی اورروحانی تا ریخ بیان کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں سگر شریف کو دکن کا بغداد کہا جا تا تھا۔انہوں نے کہا کہ یہاں سے اردو کے کئی نامور ادباو شعراء پیدا ہوئے جنہیں نئی نسل متعارف کروانے کی ضرورت ہے۔ قبل ازیں کاروائی کا آغاز مولانا حافظ محمد جلال الدین برکاتی شاہ پور کی قرات کلام پاک سے ہوا۔الیاس صابری شاہ آبادی نے نعت خوانی کا شرف حا صل کیا۔ کنونیئر مشاعرہ مبین احمد زخم نے خیر مقدم کیا۔ سید مصباح الرحمن شعلہ شاہ پور، عود بن عمر چاؤش شاہ پور، امین احمد جنگی سگری وشاکھاپٹنم، مختار احمد جہاں بھائی سگر، محمد عباس سگر، مولوی عبدالرؤف جامعی سگر، اور نور الدین بابو سگر نے مہمانان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ دختر سگر محترمہ رفعت آسیہ شاہین لوہاری کے اولین مجموعہ کلام برگ رشیم کی عزیز اللہ سرمست نے رسم رنمائی انجام دی۔اس موقع پر محترمہ رفعت آسیہ شاہین کو تہنیت پیش کی گئی۔ عودبن عمر چا ؤش کو نائب چیرمین ضلع وقف مشاورتی کمیٹی یادگیر نامزد ہونے پر اورزین ٹی وی یادگیر کے2سال مکمل ہونے پر عبد اللہ بن احمد چاؤش کو تہنیت پیش کی گئی۔ مشاعرے میں سید ادریس مصور یادگیر، لطیف شاہد سگر، ادریس تسکین صابری شاہ آباد، الیاس صابری شاہ آباد، اسحاق عظیم صابری شا ہ آباد، جاوید اقبال صدیقی گلبرگہ، مبین احمد زخم یادگیر، واجد اختر صدیقی گلبرگہ، خادم اظہر یادگیر،وحید راز گرمٹکال ڈاکٹر رفیق سوداگر یادگیر،اطیب اعجاز حیدر آباد، رفعت آسیہ شاہین وشاکھا پٹنم نے کلام سنایا۔ اطیب اعجاز نے بہتر ین نظامت کی۔
NEWS & ADVERTISEMENT CONTACT 9880736910
0 تبصرے