حج2023 کیلئے مزید بہتر انتظامات کرنے تلنگانہ حج کمیٹی کا فیصلہ محمد سلیم
حیدرآباد۔8 ستمبر( ناز میڈیا اردو ) تلنگانہ حج کمیٹی نے حج 2022 کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ سال مزید بہتر انتظامات اور کمیٹی کے ارکان کو اضافی ذمہ داریاں دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ حج کمیٹی کا اجلاس آج صدرنشین الحاج محمد سلیم کی صدارت میں حج کمیٹی کے دفتر واقع حج ہاوز میں منعقد ہوا۔ کمیٹی کے ارکان رکن اسمبلی جعفر حسین معراج، رکن کونسل فاروق حسین، شیخ حمید کارپوریٹر کونڈہ پور، شیخ مقبول کارپوریٹر کھمم، غلام احمد حسین، سید نظام الدین، سید عرفان الحق، جعفر خان، نصیر الدین، محترمہ عاصمہ سلطانہ کے علاوہ ایگزیکیٹو آفیسر بی شفیع اللہ اور اسسٹنٹ ایگزیکیٹو آفیسر عرفان شریف نے شرکت کی۔ اجلاس میں حج کیمپ 2022 کے اخراجات پر مبنی رپورٹ پیش کی گئی۔ اس کے علاوہ کمیٹی نے آڈٹ رپورٹ کو منظوری دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ حج کیمپ میں بہتر انتظامات کے ساتھ ساتھ بھاری رقم کی بچت ہوئی ہے۔ صدرنشین محمد سلیم کو ارکان نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے آئندہ سال حج کیمپ کیلئے مزید موثر انتظامات میں تعاون کا یقین دلایا۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے محمد سلیم نے کہا کہ مرکزی حکومت اور حج کمیٹی آف انڈیا نے تلنگانہ کیمپ کو ملک میں نمبر ون تسلیم کیا ہے۔ حکومت اور خاص طور پر چیف منسٹر کے سی آر کی دلچسپی اور بجٹ کی بروقت اجرائی کے نتیجہ میں یہ ممکن ہوسکا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر، ریاستی وزراء کے ایشور اور محمد محمود علی نے انتظامات کی نگرانی کی اور تمام سرکاری محکمہ جات سے مکمل تعاون حاصل ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیمپ کی کامیابی میں تعاون کرنے والے محکمہ جات کو عنقریب تہنیت پیش کی جائے گی۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے بھی ممبئی میں پروگرام منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حج 2023 کے انتظامات کے سلسلہ میں حج سیزن سے 3 ماہ قبل ہی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا جائے گا جس میں ارکان کو مختلف ذمہ داریاں دی جائیں گی۔ جس رکن کو جس کام کی ذمہ داری دی جائے اس کی تکمیل کے بارے میں وہ جوابدہ رہیں گے۔ محمد سلیم نے کہا کہ خدمت میں دلچسپی رکھنے والے ارکان کو ہی ذمہ داری دی جائے گی اور اس معاملہ میں کوئی جبر نہیں رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ حج کیمپ میں غذا پر 42 لاکھ روپئے، آر ٹی سی بسوں پر 8 لاکھ اور ہاوز کیپنگ پر 5 لاکھ 60 ہزار کا خرچ آیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ حج کمیٹی کے ارکان نے آندھرا پردیش حج کمیٹی کی طرح انہیں بھی تنخواہ مقرر کرنے کی تجویز پیش کی جسے حکومت کو روانہ کیا جائے گا۔ رکن اسمبلی جعفر حسین معراج نے حج کیمپ کے کامیاب انعقاد پر صدرنشین اور ارکان کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ حجاج کرام انتظامات سے مطمئن تھے۔
NEWS & ADVERTISEMENT CONTACT 9880736910
0 تبصرے