دہلی میں 2024 میاں غیر بی جے پی حکومت قائم ہوگی : کے سی آر
حیدرآباد 5 ستمبر ( ناز میڈیا اردو ) چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے پیش قیاسی کی ہے کہ 2024 ء میں مرکز میں غیر بی جے پی حکومت تشکیل پائے گی۔ اُنھوں نے اعلان کیاکہ غیر بی جے پی مرکزی حکومت میں ملک بھر میں کسانوں کو مفت برقی سربراہ کی جائے گی۔ نظام آباد میں نئے کلکٹریٹ اور ٹی آر ایس پارٹی آفس کے افتتاح کے بعد جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کے سی آر نے قومی سیاست میں حصہ لینے کے لئے عوام سے اجازت طلب کی۔ تالیوں کی گونج میں عوام نے قومی سیاست میں حصہ لینے کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا جس پر کے سی آر نے اعلان کیاکہ نظام آباد سے وہ اپنے قومی سیاسی سفر کا آغاز کریں گے۔ کے سی آر نے کہاکہ تلنگانہ عوام کے آشیرواد سے وہ قومی سیاست میں حصہ لیں گے اور ملک میں غیر بی جے پی حکومت کی تشکیل یقینی بنائیں گے۔ کے سی آر نے مرکزی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ تلنگانہ کے ساتھ ناانصافی کا سلسلہ جاری ہے اور کئی اہم شعبہ جات میں مرکز ناکام ہوا ہے۔ اُنھوں نے الزام عائد کیاکہ زرعی شعبہ اور کسانوں کو کمزور کرتے ہوئے کارپوریٹ سیکٹر کو فائدہ پہنچانے کے لئے گہری سازش کی گئی ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی چاہتے ہیں کہ کارپوریٹ گھرانے کسانوں کی اراضیات حاصل کرلیں۔ سازش کے تحت مرکزی حکومت کسانوں کو الیکٹرک میٹرس نصب کرنے کے لئے دباؤ بنارہی ہے تاکہ زرعی پمپ سیٹس میں استعمال ہونے والی برقی کے بلز جاری کئے جائیں۔ اُنھوں نے کہاکہ کسانوں کو نقصان سے دوچار کرتے ہوئے اُنھیں بے یار و مددگار کرنے کا مقصد کارپوریٹ شعبہ کو فائدہ پہنچانا ہے۔ چیف منسٹر نے نظام آباد اربن اسمبلی حلقہ کی ترقی کے لئے 100 کروڑ روپئے کا اعلان کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ ضلع میں ہر اسمبلی حلقہ کے لئے 10 کروڑ روپئے جاری کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ آزادی سے قبل حیدرآباد میں ہر شعبہ ترقی کی سمت گامزن تھا لیکن متحدہ آندھراپردیش میں تلنگانہ پسماندگی کا شکار ہوا۔ 60 سال کی طویل جدوجہد کے بعد علیحدہ ریاست حاصل کی گئی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ کی فلاحی اسکیمات ملک کی کسی بھی ریاست میں نہیں ہے اور زرعی شعبہ کو مفت برقی سربراہ کرنے والی ملک کی واحد ریاست تلنگانہ ہے۔ کے سی آر نے پٹرول' ڈیزل اور پکوان گیاس کی قیمتوں میں اضافہ کا حوالہ دیا اور کہاکہ صنعتی گھرانوں کو 12 لاکھ کروڑ کا قرض معاف کیا گیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ عوام 2024 ء میں بی جے پی مکت بھارت دیکھنا چاہتے ہیں۔ اِس کی جدوجہد کا آغاز تلنگانہ سے ہوگا۔ گزشتہ 8 برسوں میں مودی حکومت نے ایک بھی پراجکٹ اور صنعت قائم نہیں کی۔ کے سی آر نے کہاکہ 2024 ء کے بعد مرکز میں مخالف کسان حکومت کا زوال ہوگا اور کسانوں کی حکومت برسر اقتدار آئے گی۔ 2024 ء میں بی جے پی مکت بھارت کے نعرہ کے ساتھ ہم آگے بڑھیں گے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ ملک کی مختلف کسان تنظیموں کے قائدین نے اُن سے خواہش کی ہے کہ قومی سیاست میں حصہ لیتے ہوئے زرعی شعبہ کا تحفظ کریں۔ چیف منسٹر نے کہاکہ عنقریب سنگور پراجکٹ کو کالیشورم سے پانی سربراہ کیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے نئے کلکٹریٹ آفس کا معائنہ کیا اور کُل مذاہب دعائیہ اجتماع میں شرکت کی۔ اُنھوں نے کلکٹر نارائن ریڈی کو چیمبر میں اُن کی کرسی پر بٹھایا۔ اِس موقع پر اسپیکر اسمبلی پوچارم سرینواس ریڈی، ریاستی وزیر پرشانت ریڈی، چیف سکریٹری سومیش کمار ، ضلع ٹی آرایس صدر جیون ریڈی ، ارکان اسمبلی شکیل عامر ، گنیش بیگالہ ، باجی ریڈی گوردھن ، گمپا گوردھن ' رکن پارلیمنٹ بی بی پاٹل ، ایم ایل سی کے کویتا ، راجیشور رائو ، صدرنشین اُردو اکیڈیمی ایم کے مجیب الدین ، اسٹیٹ سکریٹری طار ق انصاری ، سابق ریڈ کو چیرمین ایس اے علیم ، مئیر نیتو کرن اور نظام آباد ضلع کے
عوامی نمائندے موجود تھے۔
NEWS & ADVERTISEMENT CONTACT 9880736910
0 تبصرے