ویلفیر پارٹی آف انڈیاکی15 روزہ مہم کاکامیاب اختتام مہم ختم ہوئی ہے،تحریک جاری رہے گی:اڈوکیٹ طاہر حُسین
بنگلورو31 اکتوبر ( ناز میڈیا اردو )ویلفیر پارٹی آف انڈیا کی جانب سے ملک بھرمیں بے روزگاری،مہنگائی کے خلاف 15 روزہ مہم کااختتام بنگلوروکے فریڈم پارک میں ہوا۔اس مہم کے اختتامی تقریب کے موقع پر ویلفیر پارٹی آف انڈیاکے ریاستی صدر اڈوکیٹ طاہرحُسین نے بات کرتے ہوئے کہاکہ15 تا30 اکتوب تک چلائی جانے والی یہ مہم اختتام پذیرہورہی ہے،لیکن یہ تحریک آگے بھی چلتی رہے گی۔پورے ملک میں یہ آندولن ہوا،کرناٹک میں گلبرگہ سے یہ مہم شروع ہوئی تھی،جس کاکافی اچھا اثر ہواہے۔مرکزی وریاستی حکومت ملک میں مہنگائی وبے روزگاری ہونے کے باوجود حکومت نے اشتہارات کے ذریعے اپنی ناکامی کوچھپانے کی کوشش کی ہے،زمینی سچائی اور اشتہارات کی تشہیر کے درمیان بہت زیادہ فرق ہے۔ملک میں غریب ،کسان،مزدوروں کی حالت بدسے بدترہے،لاکھوں تعلیم یافتہ نوجوان بے روزگارہیں،جس کی وجہ سے خودکشیوں کی تعدادمیں اضافہ ہورہاہے۔پارٹی کی شعبہ خواتین کی جانب سے گھر گھر پہنچ کر سروے کیاگیا،جہاں پر یہ بات معلوم ہوئی کہ راشن کا سسٹم بھی تباہ ہوچکاہے ،کئی لوگوں کے پاس اپنا راشن کارڈ تک نہیں ہے۔پردھان منتری اوجول یوجناکے تحت دعویٰ کیاجارہاہے کہ9 کروڑ لوگوں کو ایل پی جی سلنڈردیاگیاہے،مگر حقیقت میں کئی لوگ اس اسکیم سے واقف بھی نہیں ہیں اور جن لوگوں کو کنکشن ملاہے وہ دوسرا سلنڈر پُر کروانے کی استطاعت نہیں رکھتے تو ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ یہ جو بنیادی مسائل ہیں اس کی طرف حکومتیں توجہ دیں۔حکومتیں کارپوریٹ کمپنیوں کی غلامی کررہی ہیں،اُ س نکل کر باہر آئیں،عام آدمی،مزدور ،کسان اور نوجوان بے روزگاری ومہنگائی سے پریشان ہیں۔اس موقع پر ویلفیر پارٹی آف انڈیاکے ریاستی جنرل سکریٹری حبیب اُللہ خان نے بات کرتے ہوئے کہاکہ ویلفیر پارٹی آف انڈیاقومی سطح پر قائم شدہ سیاسی جماعت ہے،یہ مہم پورے ملک میں چلائی گئی ہے،بےروزگاری اور مہنگائی اس مہم کے اہم مدعے ہیں اور یہ مدعے عام لوگوں کے مدعے ہیں۔یہ مہم حکومتوں پر دبائو ڈالنے کیلئے چلائی گئی ہے،جس میں الگ الگ طریقے اپنائے گئے،جس میں گھرگھرجاکر بیداری لائی،نکڑ ڈرامے کئے اور ریالی بھی نکالی گئی۔گلبرگہ سے منگلوروتک چلنے والی اس مہم کو کاروان کی شکل میں نکالاگیا۔اگر عوام کے مسائل کو حکومتیں حل نہیں کرسکتی ہیں توحکومتوں کو دستبردار ہوناپڑیگا یاپھر عوام کے مسائل کو حل کرناہوگا۔اس موقع پرشعبہ خواتین کی ریاستی صدرطلعت یاسمین،بنگلورو سٹی صدر سفیر آصف،ہاسن ضلعی صدر خالد خان وغیرہ موجودتھے۔
0 تبصرے