اسلامو فوبک اشتعال انگیزی کے خلاف عملی اقدامات کرنے عالم اسلام پر زورقرآن مجید کی بے حرمتی مسلمانان عالم کے لئے نا قابل برداشت ناصر حسین کا مذمتی بیان
گلبرگہ24جنوری ( ناز میڈیا اردو )ممتاز و بیباک ملی قائد ناصر حسین استاد صدر رحمت العالمینؐ سیرت کمیٹی ضلع گلبرگہ نے سویڈن میں قرآن مجید کی بے حرمتی کئے جانے کے واقعہ پر شدید رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ قرآن مجید ایک آفاقی کتاب ہے جو بنی نوع انسانی کے لئے نازل کی گئی ہے۔اس مقدس کتاب کی بے حرمتی دنیا بھر کے مسلمان کبھی برداشت نہیں کر سکتے۔ناصر حسین استاد نے اپنے ایک اخباری بیان میں کہا ہے کہ اسلام مخالف سوئڈ یش سیاست دان راسمس پالوڈن نے قرآن مجید کی برسرعام بے حرمتی کرنے کا انتہائی بد بختانہ اقدام کیا ہے،جو قابل مذمت ہی نہیں اشتعال انگیز بھی ہے۔قرآن مجیدکی بے حرمتی کے واقعہ سے دنیا بھر میں موجود 1.5بلین مسلمانوں کے جذبات مجرو ح ہوئے ہیں۔اگر چیکہ یہ مذموم حرکت دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے لئے کی گئی ہے لیکن اسطرح کے واقعات مسلمانوں کے عقیدہ کے ساتھ ان کے ایمان میں اضافہ ہی کریں گے۔ناصر حسین استاد نے مزید کہا ہے کہ فریڈ م آف اسپیچ کے نام پر اسطرح کے گستاخانہ اقدامات قابل قبول نہیں ہو سکتے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے والی اسطرح کی حرکتیں آزادیِ اظہار کے دائرہ اختیا ر میں نہیں آتیں۔ناصر حسین استاد نے سویڈن کے وزیر خارجہ ٹو بیاس بلسٹروم کے بیان کو مسلمانوں کے لئے ناقابل قبول قرار دیا ہے کہ انہوں نے قرآن مجید کی بےحرمتی کے واقعہ سے سویڈن کی حکومت کا اظہار لا تعلق کیا ہے جبکہ ہونا یہ چاہئے تھا کہ قرآن مجید کی بے حرمتی کرنے والے ملعون کو فوری گرفتار کیا جاتا۔ناصر حسین استاد نے مزید کہا ہے کہ ایک طرف سویڈن کے وزیر خارجہ قرآن مجید کی بے حرمتی کے واقعہ سے سویڈن حکومت کی لا تعلقی کا اظہار کرتے ہیں دوسری طرف سویڈ ن حکام احتجاج کے نام پر قرآن مجید کی بے حرمتی کرنے کی اجازت دیتے ہیں۔ناصر حسین استاد نے کہا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ اسلامو فوبک اشتعال انگیزی کے خلاف واضح موقف اختیار کیا جائے او رعالم اسلام کو قرآن، پیغمبر ا سلامؐ اور اسلام کی بے حر متی کے واقعات پر روک لگانے کے لئے عملی اقدامات کرنا چاہئے۔
0 تبصرے