بلدیہ کے دعوؤں کے باوجود شہر میں کتوں کی دہشت گردی
حیدرآباد۔7۔مارچ۔( ناز میڈیا اردو ) آوارہ کتوں کی دہشت کے خاتمہ کے لئے بلدیہ کی جانب سے متعدد اقدامات کے دعوؤں کے باوجود اب بھی شہر حیدرآباد بالخصوص پرانے شہر کے حالات میں کوئی تبدیلی نظر نہیں آرہی ہے بلکہ شہر کے کئی علاقوں کالا پتھر ' تاڑبن' نواب صاحب کنٹہ ' جہاں نما' مصری گنج' چندرائن گٹہ ' سنتوش نگر' حافظ بابا نگر' بندلہ گوڑہ ' حسینی علم' دارالشفاء ' منڈی میر عالم' اعتبار چوک' کوٹلہ عالیجاہ' تالاب کٹہ ' شاہ علی بنڈہ ' قاضی پورہ کے علاوہ دیگر علاقوں میں آوارہ کتوں کی تعداد میں کوئی کمی نہیں دیکھی جا رہی ہے بلکہ رات کے اوقات میں کتوں کے غول راہگیروں پر حملہ آور ہونے لگے ہیں جس کی وجہ سے راہگیر ان علاقوں بالخصوص گلی کوچوں سے گذرنے میں خوف محسوس کرنے لگے ہیں۔ گذشتہ دنوں آوارہ کتوں کے حملہ میں معصوم کی موت کے بعد مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے بڑے پیمانے پر کاروائی کے اعلانات کئے گئے اوردعویٰ کیا گیا کہ آوارہ کتوں کو پکڑا جارہا ہے لیکن اس کے باوجود پرانے شہر کے کئی علاقوں میں آوارہ کتوں کی بہتات دیکھی جا رہی ہے ۔ محبوب چوک' شبلی گنج اور جلال کونچہ کے علاقہ کے مکینوں کا کہناہے کہ جی ایچ ایم سی کی جانب سے رات کے اوقات میں اگر کتوں کو پکڑنے کی مہم شروع کی جاتی ہے تو اس کے مثبت نتائج برآمد ہوسکتے ہیں کیونکہ رات کے اوقات میں شہر کی سڑکوں پر کتوں کا راج ہوتا ہے ۔ پرانی حویلی کے قریب واقع ڈپٹی کمشنر آف پولیس ساؤتھ زون کے دفتر کے روبرو رات میں کتوں کے غول سے خود پولیس اہلکار بھی پریشان ہیں اور کہا جا رہاہے کہ اس سلسلہ میں بلدی عملہ کو متعدد مرتبہ توجہ دلائے جانے کے باوجود کوئی کاروائی نہیں کی گئی ۔ شہر حیدرآباد کی تاریخی مکہ مسجد میں بھی رات کے اوقات آوارہ کتوں کے بسیرے کے متعلق مسجد کے عملہ نے شکایت کی ہے اور کہا کہ محکمہ اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کو کتوں کے ان مسائل سے واقف کروایا جاچکا ہے لیکن شائد کتوں کو پکڑنے میں کوئی آمدنی نہیں ہوتی اسی لئے اس مسئلہ کے حل کے لئے کوئی توجہ نہیں دی جار ہی ہے جبکہ مکہ مسجد کے مرکزی باب الداخلہ کے علاوہ مہاجرین کیمپ کے راستہ پر بھی کتوں کی کثرت دیکھی جا رہی ہے اور صبح کی اولین ساعتوں میں نماز فجر کے لے پہنچنے والے مصلیان اکرام کے لئے کتوں کی موجودگی اتہائی تکلیف دہ ثابت ہورہی ہے ۔ بالسٹی کھیت ' یاقوت پورہ اسٹیشن ' ایس آر ٹی کالونی اور معین باغ ' رکھشا پورم کے علاقوں میں بھی آوارہ کتوں کی کثرت نے مکینوں اور راہگیروں کو پریشان کیا ہوا ہے۔
0 تبصرے