شالپوشی گلپوشی کے بجائے کتاب کا تحفہ عزیز اللہ سرمست کی تحریک کو چیف منسٹر کی تائید
گلبرگہ 22 مئی ( ناز میڈیا اردو ) مقبول احمد سگری سیکریٹری کل ہند مجلس تعمیر ملت ضلع گلبرگہ نے اپنے ایک بیان میں بتایا ہے کہ تہنیت کیلئے شالپوشی گلپوشی کرنے کے بجائے کتاب کا تحفہ دینے کی سینئر صحافی عزیز اللہ سرمست صدر حضرت صوفی سرمستؒ اسلامک اسٹڈی سرکل گلبرگہ کی تحریک کافی مقبول ہوچکی ہے
اب اس تحریک کو بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ کرناٹک کے نومنتخب چیف منسٹر سدرامیا نے بھی شالپوشی گلپوشی کے بجائے کتاب کا تحفہ قبول کرنے کا اعلان کیا ہے۔سدرامیا نے ٹوئیٹر پر اعلان کیا ہے کہ وہ عوامی اور خانگی تقریبات میں تہنیت کے نام پر شالپوشی و گلپوشی قبول نہیں کریں گے بجائے اس کے انہیں کتاب کا تحفہ پیش کیا جائے۔ مقبول احمد سگری نے بیان میں مزید کہا ہے کہ سدرامیا سے قبل چیف منسٹر کی حیثیت سے بسواراج بومئی نے بھی اعلامیہ جاری کرتے ہوئے سرکاری پروگراموں میں تہنیت کیلئے شالپوشی گلپوشی کے بجائے کتاب کا تحفہ دینے کی ہدایت دی تھی لیکن اس پر خاطر خواہ عمل آوری نہیں ہوسکی اب جبکہ چیف منسٹر سدرامیا نے خود ٹوئیٹ کے ذریعہ عوامی خانگی تقریبات میں تہنیت کیلئے شالپوشی گلپوشی کے بجائے کتاب کا تحفہ قبول کرنے کا اعلان کیا ہے تو اس تحریک کے عوامی مقبولیت حاصل کرنے کی توقع کی جاسکتی ہے۔سدرامیا کابینہ کے دیگر وزراء سے بھی اس تحریک کو قبول کرنے کی توقع ہے۔ اس طرح یہ عوامی تحریک بن جائے گی۔ مقبول احمد سگری نے مزید کہا ہے کہ عزیز اللہ سرمست نے یہ تحریک 3 سال قبل شروع کی تھی عزیز اللہ سرمست اعراس جلسوں تقریبات شادیوں اور افتتاح کے موقعوں پر شالپوشی گلپوشی کے ذریعہ تہنیت پیش کرنے کے بجائے کتابوں کا تحفہ پیش کرنے کی کامیاب تحریک چلارہے ہیں۔ عزیز اللہ سرمست اسلام اور پیغمبر اسلامؐ کے بارے میں غلط فہمیوں کا ازالہ کرنے کے مقصد کے تحت برادران وطن میں کنڑا انگریزی میں،اسلام اورسیرت النبیؐ کے کتب اور قرآن مجید کے تراجم بطور تحفہ دینے کی تحریک بھی چلارہے ہیں۔عزیز اللہ سرمست نے اپنی اس منفرد تحریک کے تحت اب تک 25 ہزار سے زائد مالیت کے کتب بطور تحفہ تقسیم کرچکے ہیں
NEWS & ADVERTISEMENT CONTACT 9880736910
NEWS & ADVERTISEMENT CONTACT 9880736910
0 تبصرے