گھومتا آئینہ اخبارات کے مطالعہ سے بے نیاز کردیتا ہے گلبرگہ میں گھومتا آئینہ کے 3سال مکمل ہونے پر محفل شعر کا کامیاب انعقاد
گلبرگہ 5جون ( ناز میڈیا اردو ) اُردو کے معروف و مقبول برقی مصور اخبار”گھومتا آئینہ“کے 3سال مکمل ہونے کی مسرت میں آج خواجہ بندہ نوازؒ ایوانِ اُردو انجمن ترقی اردو کامپلکس مین روڈ گلبرگہ میں تیسری سالگرہ تقریب اور محفل شعر کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا۔ ڈاکٹر پیرزادہ فہیم الدین صدر انجمن ترقی اُردو گلبرگہ نے سالگرہ تقریب میں افتتاحی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سینئر صحافی چاند اکبر نے موبائیل پر ”گھومتا آئینہ“ اس وقت شروع کیاجب موبائیل کے اس طرح استعمال کا کوئی تصور بھی نہیں تھا۔ انھوں نے کہا کہ کسی بھی شعبہ میں کامیابی اور ترقی کا انحصار سائنس و ٹکنالوجی کے استعمال پر ہے۔
ڈاکٹر پیرزادہ فہیم الدین نے ”گھومتا آئینہ“ کی روزانہ بلاناغہ ترتیب کے لیے چاند اکبر کی عرق ریزی کی بھرپور ستائش کرتے ہوئے کہا کہ چاند اکبر نے گزشتہ 3سالوں کے دوران یومیہ30کلپس پر مشتمل ”گھومتا آئینہ“ کے ایک ہزار سے زائد پوسٹ اپ لوڈ کئے ہیں۔ڈاکٹر پیرزادہ فہیم الدین نے ”گھومتا آئینہ“کو تمام اخبارات کا نچوڑ قرار دیا۔ ڈاکٹرانیس صدیقی معتمد انجمن ترقی اردو گلبرگہ نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ”گھومتا آئینہ“ اخبارات کے مطالعہ سے بے نیاز کردیتا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ مختلف اخبارات کی اہم خبروں کا انتخاب کرکے ان کے تراشے ”گھومتا آئینہ“ میں شامل کیے جاتے ہیں۔ ”گھومتا آئینہ“ اپنی نوعیت کا ملک کا واحد سوشل میڈیا گروپ ہے۔ڈاکٹر انیس صدیقی نے ”گھومتا آئینہ“ کے مشمولات اور اس کے مستقل ابواب، کالمس کا جائزہ لیتے ہوئے بتایا کہ اہم خبروں کے تراشوں، تجزیوں، تبصروں کے علاوہ سائنس و ٹکنالوجی، طب، مذہب،ادب، ادب اطفال، انٹرویوز، مرحوم قلم کاروں کی زندہ تحریروں کے لیے مختص گوشہ ”نقش رفتگان“اور کئی ایک خصوصی گوشوں کی وجہ سے ”گھومتا آئینہ“ بے حد پسند کیا جارہا ہے۔اور اس کی مقبولیت اب ملک کی سرحدوں کو پار کرچکی ہے۔ڈاکٹر انیس صدیقی نے ”گھومتا آئینہ“ کو چاند اکبر کی اختراعی ذہن کی اُپج اور ان کی غیرمعمولی مدیرانہ صلاحیتوں کا مظہر قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ چاند اکبرنے منفرد اداریہ نگار کی حیثیت سے بھی اپنی پہچان بنائی ہے۔وہ ”گھومتا آئینہ“ میں روزانہ کسی ایک موضوع کو منتخب کرکے اس پر بے باک اور نہایت جامع اداریہ قلم بند کرتے ہیں۔اداریہ کا آسان لب و لہجہ قاری کو اس کے مطالعہ کی دلچسپی پیدا کرتا ہے۔ناظم جلسہ ممتاز شاعر سید مختار احمددکنی نے چاند اکبر کو کئی خوبیوں کا مالک، اردو زبان و ادب کی نہایت خاموش خدمت انجام دینے والے صحافی قراردیا۔ انہوں نے کہا کہ چاند اکبر اردو زبان و ادب کی ترقی و ترویج کا جذبہ جنون کی حد تک رکھتے ہیں۔مختار احمد دکنی نے ”گھومتا آئینہ“ کو خبروں کے دلچسپ مجموعہ کے علاوہ ملک کے مختلف مقامات کے ادبا و شعرا کو ایک دوسرے سے متعا رف و مربوط کرنے کا بہترین پلیٹ فارم قرار دیا۔ابتدا میں چاند اکبر مدیر”گھومتا آئینہ“ نے ”گھومتا آئینہ“ کے 3سالہ سفر کے تلخ تجربات و کامیابیوں کا احاطہ کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اسمارٹ فون چلانا بھی نہیں جانتے تھے۔ ان کے چھوٹے فرزند محمد منہاج الدین پرواز نے انہیں اسمارٹ فون استعمال کرنے میں مدد کی۔ ابتدا میں وہ اسکرین شاٹ کے ذریعہ ”گھومتا آئینہ“ کے پوسٹ بنایا کرتے تھے لیکن کمپیوٹر سے جڑنے کے بعد ”گھومتا آئینہ“ کے حسن میں زبردست نکھار آیا۔چاند اکبر نے اپنے آپ کو اردو کا خادم بتاتے ہوئے کہا کہ ”گھومتا آئینہ“ ان کے صحافتی ذوق وشوق کی تکمیل ہے اور شوق کی تکمیل حاصل و لاحاصل سے اوپر ہوتی ہے۔چاند اکبر نے اپنے تمام معاونین، محسنین،بہی خواہوں کے مخلصانہ تعاون کا ذکر کرتے ہوئے ان تمام سے اظہار تشکر کیا بالخصوص ”گھومتا آئینہ“ کی سرپرستی کرنے کے لیے رفیق جعفر صاحب پونہ کا شکریہ ادا کیا۔ ”گھومتا آئینہ“ کے 3سال مکمل ہونے کی مسرت میں انجمن ترقی اردو گلبرگہ، ادارہ روزنامہ”بہمنی نیوز“گلبرگہ کے علاوہ کئی احباب نے چاند اکبر کو تہنیت پیش کی۔ قبل ازیں کارروائی کا آغاز مولوی مظہر احمد گرمٹکالی کی قرات کلام پاک اور الحاج ساجد نظامی کی نعت خوانی سے ہوا۔ ڈاکٹر پیرزادہ فہیم الدین کی زیر صدارت محفل شعر منعقد ہوئی۔حسن محمود، ڈاکٹر عتیق اجمل وزیر،سید مختار احمد دکنی،جاوید اقبال صدیقی، ناصر عظیم، نوید انجم، وحید راز کاریگر گرمٹکال، اسما عالم، لبنی ثمرین،سارہ شاہکار نے محفل شعر میں کلام سنایا اور داد و تحسین حاصل کی۔سید مختار احمد دکنی نے نہایت خوش اسلوبی کے ساتھ نظامت کے فرائض انجام دیئے۔چاند اکبر ایڈیٹرگھومتا آئینہ نے تمام مہمانان و شعراء اور محبان گھومتا آئینہ کی شال پوشی گل پوشی کی۔ آخر میں شکریہ ادا کیا۔باذوق احباب کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
NEWS & ADVERTISEMENT CONTACT 9880736910
NEWS & ADVERTISEMENT CONTACT 9880736910
NEWS & ADVERTISEMENT CONTACT 9880736910
NEWS & ADVERTISEMENT CONTACT 9880736910
0 تبصرے