مسلمان سوشیل میڈیا کے جذباتی اور منفی استعمال سے بچیں بلا تحقیق اور روایتی پوسٹ فارورڈ نہ کریں:سید تنویر احمد
گلبرگہ 15 ستمبر ( ناز میڈیا اردو ) سوشیل میڈیا آج ایک طاقتور اور مقبول ترین پلیٹ فارم بن گیا ہے لیکن مسلمانوں میں اس کا صحیح اور مثبت استعمال کرنے کے رحجان کا فقدان ہے اس خیال کا اظہار ریڈینس ویوز ویکلی کے مینجنگ ڈائریکٹر سید تنویر احمد قومی سیکریٹری جماعت اسلامی ہند نے کیا ہے وہ جماعت اسلامی ہند شاخ گلبرگہ کے زیر اہتمام ہدایت سنٹر گلبرگہ میں کل شام منعقدہ دانشوران صحافیوں سوشیل میڈیا گروپس کے نمائندوں اور ارکان جماعت اسلامی کے اجلاس کو مخاطب کررہے تھے مسلمان اور میڈیا کے زیر عنوان سید تنویر احمد نے نہایت جامع خطاب کرتے ہوئے پرنٹ الکٹرانک میڈیا کے مختلف ادوار کا دلچسپ احاطہ کیا انہوں نے بتایا کہ پرنٹ اور الکٹرانک میڈیا آج کس طرح سرمایہ دار گھرانوں کے ہاتھوں میں چلا گیا انہوں نے کہا کہ میڈیا کا بنیادی مقصد عوام اور حکومت کے درمیان رابطے کا کام کرنا ہے لیکن فی زمانہ میڈیا عوامی مسائل اور عوامی مفادات کو پس پشت ڈالتے ہوئے حکومت کی ہم نوائی کررہا ہے جس سے اس کا وقار بری طرح مجروح ہورہا ہے انہوں نے کہا کہ میڈیا کو جمہوریت کا چوتھا ستون کہا جاتا تھا لیکن آج میڈیا سرمایہ دار گھرانوں کے کنٹرول میں آگیا ہے جس کے نتیجہ میں اس کی شفافیت بیباکی اور غیر جانبداری باقی نہیں رہی سید تنویر احمد نے مزید کہا کہ پہلے میڈیا گھرانوں کیلئے سرمایہ اکٹھا کرنا نہایت مشکل امر تھا انہیں کارپوریٹ گھرانوں پر انحصار کرنا پڑتا تھا لیکن اب کارپوریٹ گھرانوں کے میڈیا گھرانوں کو اپنے کنٹرول میں لینے کے نتیجہ میں میڈیا گھرانوں کو سرمایہ اکٹھا کرنے کی دشواری سے نجات مل گئی ہے اب میڈیا ہاؤس چلانا مشکل نہیں رہا لیکن کارپوریٹ گھرانوں کیلئے نہایت فائدہ مند ہوگیا ہے وہ اپنے اپنے میڈیا ہاؤس کیلئے حکومت سے راست سودے بازی کرتے ہوئے دوہرے منافع میں ہیں سید تنویر احمد نے مزید کہا کہ اس طرح کی سودے بازی سے جمہوریت کا نقصان ہورہا ہے حکومت جہاں ایک طرف اپوزیشن اور مخالفین کی آواز دبانے میں کامیاب ہورہی ہے وہیں اپنے کسی بھی غیر غلط رویہ فیصلہ کو درست اور جائز ٹہرانے کیلئے میڈیا کا بھرپور استعمال کررہی ہے سید تنویر احمد نے مختلف ادوار اور ممالک میں میڈیا کے مقاصد میں ہونے والی تبدیلیوں کا نہایت معلوماتی احاطہ کرتے ہوئے کہا کہ آج سوشیل میڈیا نہایت طاقتور ہوگیا ہے ماضی کے مقابلے میں موجودہ دور میں سوشیل میڈیا کے آنے سے میڈیا کا کام نہایت آسان ہوگیا ہے اس کیلئے کسی قسم کی بڑی سرمایہ کاری کرنے کی نوبت باقی نہیں رہی انہوں نے کہا کہ سوشیل میڈیا کی مقبولیت اس کی برق رفتاری اور غیر معمولی عوامی پہنچ کی وجہ سے ہے سید تنویر احمد نے سخت اظہار تاسف کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل میڈیا اور سوشیل میڈیا دونوں ہی اسلاموفوبیا کو ہوا دے رہے ہیں اور ملک میں مسلمانوں کیخلاف شدید نفرت کا ماحول پیدا کیا جارہا ہے نیشنل میڈیا اور سوشیل میڈیا مسلسل مسلمانوں کی امیج بگاڑ کر پیش کررہا ہے کہ مسلمان ملک کے خیرخواہ نہیں ہیں ٹیکس کی ادائیگی نہیں کرتے اپنی آبادی میں اضافہ کرنے اور ملک کے وسائل ہضم کرنے میں لگے ہوئے ہیں دوسرے مذاہب کیلئے خطرہ بنے ہوئے ہیں ملک کی ترقی و تعمیر میں ان کی کوئی شراکت داری نہیں ہے ان کی وفاداری مشکوک ہے اور وہ ملک کیلئے سخت ناپسندیدہ ہیں سید تنویر احمد نے اس بات پر گہری تشویش کا اظہار کیا کہ مسلمانوں کیخلاف سوشیل میڈیا کے استعمال کا ایک نہایت ہی خطرناک رجحان سامنے آیا ہے مسلمانوں سے بدلہ لینے کیلئے ان کے واٹس ایپ کو ہیک کرکے ہندؤں کی مذہبی وقابل احترام اور پسندیدہ شخصیات کی توہین کے ذریعہ مسلمانوں کیخلاف ہجوم کو اشتعال دلاتے ہوئے فساد برپا کیا جارہا ہے سید تنویر احمد نے اس بات پر سخت اظہار تاسف کیا کہ مسلمانوں کے یہاں میڈیا پر بہت کم توجہ دی جاتی ہے ان کے پاس میڈیا کیلئے کوئی فنڈ نہیں ہے حالانکہ حالات کا تقاضا ہے کہ مسلمان اپنے باصلاحیت صحافیوں اور سوشیل میڈیا گروپس کو مستحکم بنانے انہیں آگے لانے اور درکار سہولیات فراہم کرنے پر توجہ دیں سید تنویر احمد نے مسلمانوں کی جانب سے سوشیل میڈیا گروپس واٹس ایپ فیس بک کا انتہائی غیر ذمہ دارانہ استعمال کرنے پر بھی سخت افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ مسلمان واٹس ایپ کے استعمال میں نہایت جذباتیت اور عجلت پسندی سے کام لیتے ہیں زیادہ تر فیک پوسٹ بلاتحقیق اور لاحاصل پوسٹ فارورڈ کرتے ہیں اور فیس بک واٹس ایپ کو ثواب کمانے کا ذریعہ سمجھ لیا گیا ہے تنقید کے نام پر تنقیص کی جاتی ہے اور اس پر دانشوری کا دعویٰ کیا جاتا ہے سید تنویر احمد نے اس بات پر زور دیا کہ مسلمان فیس بک واٹس ایپ کے استعمال کو سنجیدہ اور بامقصد بنائیں اسلام اور مسلمانوں کی امیج کو بہتر بنانے اور اسلام مسلمان مخالف گمراہ کن پروپیگنڈہ کا معیاری اور مدلل جواب دینے مسلمانوں میں خود اعتمادی پیدا کرنے والا مواد پوسٹ کرنے ملک کی تعمیر و ترقی سماج کیلئے مسلمانوں کے کردار کو ابھارنے باصلاحیت اور نمایاں کارنامے انجام دینے والے شخصیات نوجوان اور طلبا و طالبات کی حوصلہ افزائی کرنے اور انہیں ملک بھر سے متعارف کروانے کے کام کریں سید تنویر احمد نے ریڈینس ویوز ویکلی کی دیرینہ صحافتی خدمات کا بھی احاطہ کرتے ہوئے کہا کہ ریڈینس ویوز ویکلی دیانتدارانہ صحافت کے ساتھ ساتھ حقائق کو منظر عام پر لانے اور مسلمانوں کیخلاف کئے جانے والے گمراہ کن پروپیگنڈہ کا جواب دینے کا فریضہ انجام دے رہا ہے انہوں نے کہا کہ فسادات پر بیباکانہ اور حقائق پر مبنی ریڈینس ویوز ویکلی کی رپورٹس نہایت معتبر سمجھی جاتی ہیں اور اس زمانے میں وزیراعظم جواہر لال نہرو نے پارلیمنٹ میں اس کا حوالہ دیا تھا انہوں نے کہا کہ ریڈینس ویوز ویکلی موجودہ حالات میں اپنی ذمہ داری کو محسوس کرتے ہوئے نوجوان مسلم صحافیوں کو تربیت دینے کا کام بھی کررہا ہے اس کے متعدد تربیت یافتہ صحافی میڈیا کے مین اسٹریم میں بہترین خدمات انجام دے رہے ہیں انہوں نے بتایا کہ عصری تقاضہ کے پیشِ نظر ریڈینس ویوز ویکلی کا پورٹل بھی شروع کیا گیا ہے جو یو ٹیوب پر بھی دستیاب ہے انہوں نے ریڈینس ویوز ویکلی کو مستحکم بنانے کیلئے سبسکرائب کرنے اور مالی تعاون دینے کی اپیل کی اس سلسلہ میں ان کے موبائل فون 9844158731 پر ربط پیدا کیا جاسکتا ہے آخر میں سوال و جواب کا سیشن ہوا میڈیا ، مطالعہ کے رحجان میں آئی کمی مسلم مخالف گمراہ کن پروپیگنڈہ کی فیاکٹ چیکنگ مقامی صحافیوں اور سوشیل میڈیا گروپس سے جماعت اسلامی کے بشمول تمام جماعتوں اداروں کی جانب سے تعاون کرنے اور پرنٹ و سوشیل میڈیا میں طلبا و نوجوانوں کو اسلامی مواد فراہم کرنے جیسے موضوعات پر سوالات کئے گئے سید تنویر احمد نے نہایت متانت و سنجیدگی سے اطمینان بخش جوابات دیئے امیر مقامی جماعت اسلامی محمد ذاکر حسین نے صدارت کی
NEWS & ADVERTISEMENT CONTACT 9880736910
0 تبصرے