تلنگانہ میں ضابطہ اخلاق نافذ رات 10 بجے کے بعد لاوڈ اسپیکر کے استعمال پر پابندی وکاس راج
حیدرآباد10اکتوبر (ناز میڈیا اردو ) تلنگانہ اسمبلی انتخابات کے شیڈول کے اعلان کے ساتھ ہی ریاست میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہوچکا ہے ۔ چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے آج میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن نے آزادانہ اور منصفانہ رائے دہی کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت کیلئے خصوصی مہم کا مثبت نتیجہ برآمد ہوا ہے اور 18 سال کی تکمیل کرنے والے نوجوانوں کو فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت کی ترغیب دی گئی ہے۔ وکاس راج نے بتایا کہ ووٹر شناختی کارڈ کے بجائے 12 متبادل شناختی کارڈ کے ذریعہ رائے دہی میں حصہ لے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولنگ اسٹیشنوں میں رائے دہندوں کیلئے بہتر سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امیدواروں کو اپنے حلفنامہ میں تمام ضروری امور کی تکمیل کرنی چاہئے۔ بصورت دیگر پرچہ نامزدگی مسترد کردیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اور معذورین کیلئے پولنگ اسٹیشنوں میں خصوصی انتظامات کئے جائیں گے۔ جنرل پولنگ اسٹیشنوں کے علاوہ خواتین کیلئے علحدہ پولنگ اسٹیشن رہیں گے۔ وکاس راج نے بتایا کہ انتخابی مہم کے سلسلہ میں رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک لاوڈ اسپیکر کے استعمال کی اجازت نہیں رہے گی۔ انتخابی مہم کو رات 10 بجے ختم کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے سلسلہ میں نمبر 1950 پر شکایت کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی پارٹیوں کو انتخابی اشتہارات کیلئے الیکشن کمیشن سے پیشگی اجازت حاصل کرنی ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ بائلٹ پیپر پر انتخابی نشان کے علاوہ امیدواروں کی تصاویر ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے ساتھ ہی سرکاری سطح پر تمام سرگرمیاں بند کردی جائیں اور کوئی بھی افتتاحی یا سنگ بنیاد کی تقریب منعقد نہیں کی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ویب سائیٹس پر سیاسی قائدین کی تصاویر ہٹادی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ 31 اکتوبر تک ووٹ کے حق کے سلسلہ میں درخواستیں دی جاسکتی ہیں۔ رائے دہندوں کے ایڈریس میں تبدیلی کیلئے درخواستوں کی وصولی آج روک دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نقد رقومات کی منتقلی کے سلسلہ میں متعلقہ دستاویزات کا ہونا ضروری ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے حساس پولنگ اسٹیشنوں کی نشاندہی کرتے ہوئے وہاں خصوصی انتظامات کئے جائیں گے ۔ وکاس راج نے کہا کہ نقد رقومات ، شراب اور دیگر اشیاء کی منتقلی کو روکنے کیلئے الیکشن کمیشن سخت اقدامات کرے گا تاکہ رائے دہی کو آزادانہ اور منصفانہ بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو الیکشن کمیشن کی جانب سے واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
NEWS & ADVERTISEMENT CONTACT 9880736910
-
0 تبصرے