اسرائیل فلسطین :جنگ دہلی میں سیکورٹی سخت
نئی دہلی10 اکتوبر ( ناز میڈیا اردو )مشرق وسطیٰ میں اسرائیل اور فلسطین کے درمیان جاری جنگ کو مدنظر رکھتے ہوئے دہلی پولیس نے اسرائیلی سفارت خانے کے ارد گرد سیکورٹی سخت کر دی ہے۔ ایک اہلکار نے آج منگل (10 اکتوبر) کو یہ اطلاع دی۔ عہدیدار نے کہا کہ دہلی پولیس نے اسرائیل اور حماس تنازعہ کے پیش نظر اسرائیلی سفارت خانے اور چابڈ ہاؤس کے ارد گرد سیکورٹی بڑھا دی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نئی دہلی میں اسرائیلی سفارت خانے اور وسطی دہلی کے چاندنی چوک میں چابڈ ہاؤس کے ارد گرد تعینات مقامی پولیس کو سخت چوکسی برقرار رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اسرائیلی سفارت خانے اور ہندوستان میں اسرائیلی سفیر نور گیلون کی سرکاری رہائش گاہ کے باہر اضافی پولیس تعینات کر دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ نئی دہلی کے پہاڑ گنج علاقے میں یہودیوں کے مذہبی مقام چابڈ ہاؤس کے قریب بھی سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ اسرائیل پر حماس کے جنگجوؤں کے حملے کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے اسرائیل کی حمایت کرنے کی بات کی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ وہ اسرائیل میں حماس کے حملے کے بعد ہلاک ہونے والے شہریوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ بھارت اس مشکل وقت میں اسرائیل کے ساتھ کھڑا ہے۔
اس کے ساتھ ہی امریکہ، برطانیہ، جرمنی، یوکرین، برازیل، آسٹریلیا سمیت مغربی ممالک نے اسرائیل حماس تنازع میں اسرائیل کے ساتھ کھڑے ہونے کی بات کی ہے۔ فلسطینی گروپ کے اسرائیل پر اچانک حملے میں سیکڑوں اسرائیلی ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہو گئے ہیں۔ اسی دوران اسرائیل کی شدید جوابی کاروائی میں غزہ کی پٹی کے علاقے میں سیکڑوں فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہوئے ہیں۔
NEWS & ADVERTISEMENT CONTACT 9880736910
-
0 تبصرے