ووٹنگ کے فیصد میں اضافہ کے لیے الیکشن کمیشن کے اقدامات
حیدرآباد 11اکٹوبر(ناز میڈیا اردو ) انتخابات کے دوران رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کے لئے الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں جن میں شعور بیداری کے علاوہ ووٹ کی اہمیت سے واقف کروانے کی مہم شامل ہے لیکن اس کے باوجود ریاست تلنگانہ کے شہری علاقوں میں رائے دہی کے فیصد میں نہ ہونے والے اضافہ پر عہدیداروں کی جانب سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا جارہا ہے کہ ریاست کے مجموعی رائے دہی کے فیصد کے برابر شہری علاقوں میں رائے دہی کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کا جائزہ لیا جا رہاہے ۔ شہری علاقوں میں رائے دہی کے فیصد میں اضافہ نہ ہونے کی وجوہات کا جائزہ لینے پر اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ شہری رائے دہندوں کو اپنے منتخبہ نمائندوں پر اعتماد باقی نہیں رہا جس کے نتیجہ میں یہ صورتحال پیدا ہونے لگی ہے اور عوام اپنے ووٹ کے استعمال کے متعلق لاپرواہی کا مظاہرہ کرنے لگے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے بلدی حدود میں موجود حلقہ جات اسمبلی میں رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کے لئے رائے دہندوں کو سہولتوں کی فراہمی کے علاوہ انہیں ووٹ کی اہمیت سے واقف کروانے کے لئے 'نکڑناٹک' کے علاوہ دیگر منصوبوں کی تیاری عمل میں لائی جا رہی ہے۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ٹیم نے دورہ تلنگانہ کے دوران ایسے حلقہ جات اسمبلی جہاں رائے دہی میں کمی ریکارڈ کی گئی تھی ان کی نشاندہی کرتے ہوئے ان حلقہ جات اسمبلی کے رائے دہندوں میں شعوراجاگر کرنے کے علاوہ رائے دہی کے عمل پر عوام کے اعتماد کو مستحکم بنانے کے اقدامات کی ہدایت دی ہے۔ ذرائع کے مطابق رائے دہندوں میں انتخابی عمل سے بے اعتنائی کی مختلف وجوہات کا پتہ چلاہے جن میں تلبیس شخصی کے ذریعہ ووٹ کے استعمال اور بوگس رائے دہی بھی شامل ہے۔ شہریوں کا کہناہے کہ وہ اپنے ووٹ کے استعمال کے لئے پہنچنے تک ان کے ووٹ استعمال ہوچکے ہوتے ہیں اسی لئے ان کا رائے دہی کے عمل سے اعتماد ختم ہوتا جا رہاہے اس کے علاوہ جی ایچ ایم سی کے حدود میں فہرست رائے دہندگان پر اٹھائے جانے والے سوالات بالخصوص فرضی ناموں کو شامل کئے جانے کے الزامات کے سبب بھی ریاست کے رائے دہندوں میں انتخابی عمل کے متعلق دلچسپی ختم ہوتی جا رہی ہے لیکن الیکشن کمیشن آف انڈیا کے عہدیداروں کی جانب سے فہرست رائے دہندگان کو شفاف بنانے کے اقدامات کئے گئے ہیں اور اس کے متعلق شہریوں کو واقف کروانے کے علاوہ انہیں انتخابی عمل میں شفافیت کے متعلق بھی روشناس کروایا جائے گاتاکہ رائے دہندے اپنے ووٹوں کا استعمال پر اعتماد انداز میں کرسکیں۔
NEWS & ADVERTISEMENT CONTACT 9880736910
-
0 تبصرے