ملک پیٹ اور یاقوت پورہ کے باشعور عوام کی ذہانت کا امتحان
حیدرآباد۔/27 نومبر، (ناز میڈیا اردو ) حلقہ لوک سبھا حیدرآباد کے 7 اسمبلی حلقہ جات میں اس مرتبہ 2 اسمبلی حلقہ جات کی انتخابی مہم پر نہ صرف تلنگانہ بلکہ بیرونی ممالک میں مقیم حیدرآبادیوں کی نظر ہے۔ یاقوت پورہ اور ملک پیٹ اسمبلی حلقہ جات میں تبدیلی کی لہر نے روایتی قیادت کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے اور اس مرتبہ ووٹرس کے باشعور ہونے سے کامیابی کے روایتی حربے بھی کارگر ثابت نہیں ہونگے۔ ملک پیٹ اور یاقوت پورہ میں مجلسی امیدواروں کو علی الترتیب کانگریس اور مجلس بچاؤ تحریک سے سخت مقابلہ درپیش ہے اور مہم میں دیکھا جارہا ہے کہ نوجوان رائے دہندے چاہتے ہیں کہ نئے اور نوجوان چہروں کو اپنا نمائندہ مقرر کریں۔ ملک پیٹ میں کانگریس امیدوار شیخ اکبر کو توقع کے عین مطابق عوام کی تائید مل رہی ہے اور مقامی جماعت کی جانب سے ہراسانی کی پالیسی کے باوجود بے خوف و خطر کانگریس کیڈر انتخابی مہم میں مصروف ہے۔ کانگریس کی 6 ضمانتوں کے علاوہ شیخ اکبر نے ترقی اور فلاح و بہبود کا اپنا نجی ایجنڈہ بھی عوام کے روبرو پیش کیا ہے۔ وہ کامیابی کے بعد ذاتی خرچ سے عوامی بھلائی کے اقدامات کی تیاری کررہے ہیں۔ دوسری طرف یاقوت پورہ حلقہ میں مجلس بچاؤ تحریک کے ترجمان امجد اللہ خالد اور ایم بی ٹی صدر مجید اللہ خاں فرحت کے پیدل دوروں کے موقع پر رائے دہندے مرحوم جناب امان اللہ خان کی خدمات کو یاد کررہے ہیں۔ دونوں اسمبلی حلقہ جات میں نوجوان رائے دہندوں کی قابل لحاظ تعداد ہے اور ان میں اس بات کو لے کر شعور بیدار ہوچکا ہے کہ روایتی قیادتوں کی تبدیلی میں عوام کی بھلائی مضمر ہے۔ ہر الیکشن میں نمائندہ کو تبدیل کیا جائے تو علاقہ کی بہتر ترقی ہوگی۔ اس سلسلہ میں پڑوسی ریاست ٹاملناڈو کی مثال پیش کی جارہی ہے جہاں ہر پانچ سال میں حکومت تبدیل کردی جاتی ہے۔ دونوں اسمبلی حلقہ جات میں تعلیم یافتہ رائے دہندوں نے اس مرتبہ اپنی پسند کے امیدوار کے حق میں رائے دہی کا من بنالیا ہے تاکہ دونوں علاقوں میں نئے چہروں کے ساتھ ساتھ ترقی اور فلاح و بہبود کے دور کا آغاز ہوسکے۔ تلنگانہ میں مجموعی طور پر تبدیلی کی لہر کا اثر ملک پیٹ اور یاقوت پورہ میں دیکھا جاسکتا ہے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ گذشتہ 15 تا 20 برسوں سے دونوں اسمبلی حلقہ جات کے بنیادی مسائل جوں کے توں ہیں اور ارکان اسمبلی صرف الیکشن کے وقت وعدے کرکے عوام سے ووٹ حاصل کرتے ہیں اور کامیابی کے فوری بعد علاقوں کا رُخ تک نہیں کرتے۔ ملک پیٹ بظاہر نئے شہر کا علاقہ دکھائی دیتا ہے لیکن کئی بستیاں آج بھی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔
NEWS & ADVERTISEMENT CONTACT 9880736910
-
0 تبصرے