تلنگانہ میں تبدیلی کی لہر،کرناٹک کے وزیر ضمیر احمد خان کا خطاب
حیدرآباد۔/20 نومبر، ( ناز میڈیا اردو ) کرناٹک کے وزیر امکنہ و اقلیتی بہبود ضمیر احمد خان نے کہاکہ تلنگانہ کے عوام کے سی آر حکومت سے نالاں ہیں اور ریاست بھر میں تبدیلی کی لہر چل رہی ہے۔ کل عادل آباد اسمبلی حلقہ میں سندرئیا سٹی میں کانگریس کے امیدوار کے سرینواس ریڈی کے حق میں اداکار اکبر بن تبر کے ہمراہ ایک روڈ شو سے مخاطب کرتے ہوئے ضمیر احمد خان نے کہا کہ تلنگانہ میں یقینی طور پرکانگریس کو اقتدار حاصل ہوگا۔ موجودہ چیف منسٹر کے سی آر گذشتہ ایک دہے میں تلنگانہ عوام کی توقعات کے مطابق کام کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں۔ عوام گذشتہ دس برسوں میں ان سے کئے گئے وعدوں کو پورا نہ کرنے پر برہم ہیں اور حکومت کی تبدیلی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے کرناٹک میں اقتدار حاصل ہونے کے بعد عوام سے کئے گئے پانچ گیارنٹیز کے وعدوں کو پورا کیا ہے۔ اسی طرح کانگریس کو اگر تلنگانہ میں اقتدار حاصل ہوا تو عوام سے کئے جانے والے تمام وعدوں کو پورا کرے گی۔ اس موقع پر بی آر ایس قائد محمد رفیع اور ان کے حامیوں نے ضمیر احمد خان کی قیادت میں کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ بعد ازاں ایک جلسہ عام منعقد ہوا جس کے بعد روڈ شو ہوا۔ مہاراشٹرا کے سابق وزیر انیس احمد، لوک سبھا کانسٹی ٹیونسی انچارج اور کرناٹک کے ایم ایل سی پرکاش راتھوڑ اور دیگر مقامی قائدین اس موقع پر موجود تھے۔ اس موقع پر ایم آئی ایم کارپوریشن ممبر راشد بھائی اور بی آر ایس ، عاپ کے ارکان نے کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔ شام میں وزیر موصوف نے آصف آباد کانگریس امیدواراجمیر شیام کیلئے مہم چلائی۔
NEWS & ADVERTISEMENT CONTACT 9880736910
-
0 تبصرے