ریونت ریڈی تلنگانہ کے چیف منسٹرہوں گے ، کل حلف برداری
حیدرآباد۔6 ڈسمبر، ( ناز میڈیا اردو ) اے ریونت ریڈی تلنگانہ کے آئندہ چیف منسٹر ہوں گے اور 7 ڈسمبر کو حلف برداری ہوگی۔ کانگریس ہائی کمان نے نو منتخب ارکان اسمبلی سے رائے لینے اور چیف منسٹر کے عہدہ کے دیگر دعویداروں کو منانے کے بعد نئی دہلی میں ریونت ریڈی کے نام کا اعلان کردیا۔ ہائی کمان نے ریونت ریڈی کو نئی دہلی طلب کیا تاکہ وزارت کی تشکیل پر مشاورت کی جاسکے۔ ریونت ریڈی اپنے قریبی ساتھیوں کے ہمراہ شام میں نئی دہلی روانہ ہوگئے۔ انتخابی مہم کے دوران ہی یہ واضح ہورہا تھا کہ ریونت ریڈی جو پردیش کانگریس صدر کی حیثیت سے انتخابی مہم کی قیادت کر رہے تھے پارٹی برسراقتدار آنے پر چیف منسٹر ہونگے۔ نتائج کے اعلان اور نومنتخب ارکان اسمبلی کے اجلاس میں بھی ریونت ریڈی کے حق میں ماحول سازگار دیکھا گیا۔ کانگریس ہائی کمان نے ڈپٹی چیف منسٹر کرناٹک ڈی کے شیوکمار اور تین مبصرین کو نومنتخب ارکان سے مشاورت کیلئے روانہ کیا۔ انفرادی مشاورت کے دوران بھٹی وکرامارکا، اتم کمار ریڈی و دامودھر راج نرسمہا نے چیف منسٹر عہدہ کیلئے اپنی دعویداری پیش کردی۔ ڈی کے شیو کمار اور پارٹی کے مبصرین کل شام نئی دہلی واپس ہوگئے جہاں انہوں نے آج صدر کل ہند کانگریس کمیٹی ملکارجن کھرگے سے ملاقات کی اور رپورٹ حوالے کی۔ کھرگے کی قیامگاہ پر اہم قائدین کا اجلاس ہوا جس میں راہول گاندھی، کے سی وینوگوپال، مانک راؤ ٹھاکرے اور ڈی کے شیو کمار نے شرکت کی جس میں مبصرین کی رپورٹ کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ارکان اسمبلی کی اکثریتی رائے کی بنیاد پر ریونت ریڈی کے نام کو قطعیت دی گئی تاہم اس کا اعلان جنرل سکریٹری کانگریس کے سی وینوگوپال پر چھوڑا گیا جو اتم کمار ریڈی اور بھٹی وکرامارکا سے بات کرکے انہیں منانے کی کوشش کریں گے۔ وینوگوپال نے دونوں قائدین سے بات کی اور ہائی کمان کے فیصلہ سے واقف کرایا۔ بعد میں کے سی وینوگوپال نے باقاعدہ ریونت ریڈی کے نام کا اعلان کرکے اشارہ دیا کہ 7 ڈسمبر کو ریونت ریڈی اور کابینہ حلف لے گی۔ ریونت ریڈی جو گچی باؤلی میں نو منتخب ارکان کے ساتھ گذشتہ دو روز سے قیام پذیر تھے خصوصی طیارہ سے نئی دہلی روانہ ہوئے۔ ذرائع نے بتایا کہ ڈپٹی چیف منسٹرس اور وزراء کے ناموں کے علاوہ قلمدانوں کو قطعیت دینے انہیں دہلی طلب کیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 2 ڈپٹی چیف منسٹرس رہیں گے اور کابینہ میں تمام طبقات کو مناسب نمائندگی دی جائیگی۔ باوثوق ذرائع کے مطابق سونیا گاندھی، راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی تینوں نے انتخابی مہم کے اختتام کے بعد ریونت ریڈی کے حق میں فیصلہ کرلیا تھا۔ نومنتخب ارکان کے اجلاس کے بعد ہائی کمان کی سطح پر غیر معمولی سرگرمیاں دیکھی گئیں۔ کھرگے کی قیامگاہ پر اجلاس سے واپسی میں راہول گاندھی نے میڈیا سے صرف اتنا کہا کہ چیف منسٹرکا فیصلہ ہوچکا ہے۔ اتم کمار اور بھٹی وکرامارکا کو ہائی کمان نے یہ کہتے ہوئے دعویداری سے دستبرداری پر راضی کرلیا کہ پارٹی کو برسراقتدار لانے میں ریونت ریڈی کا اہم رول ہے۔
NEWS & ADVERTISEMENT CONTACT 9880736910
-
0 تبصرے