آرکڈ پبلک پرائمری و ہائی اسکول کے طلباء کی جانب سے سائنسی نمائش کا انعقاد
بیدر۔29جنوری( ناز میڈیا اردو ) بیدر کا معروف تعلیمی ادارہ آرکڈ پبلک پرائمری و ہائی اسکول کے طلبہ کی جانب سے سائنسی نمائش کا انعقاد کیا گیا۔نمائش کا افتتاح مہمانِ خصوصی جناب سید خورشید احمد قادری ای سی او اُردو محکمہ تعلیماتِ عامہ کے ہاتھوں عمل میں آیا۔جبکہ مہمانانِ خصوصی کی حیثیت سے جناب سید فرقان پاشاہ سبجیکٹ انسپکٹر محکمہ تعلیماتِ عامہ بیدر،جناب شیخ مسیح الدین مؤظف معلم و قومی ہاکی کھلاڑی،جناب اختر احمد خان مؤظف معلم و سابق صدر کراٹا ضلع بیدر،جناب محمد امین نواز صحافی بیدر، محترمہ نورجہاں بیگم صاحبہ سی آر پی منیار تعلیم کلسٹر بیدر جناب محمد الیاس احمد ٹرسٹی آرکڈ پبلک اسکول بیدر اور محترمہ سیدہ غزالہ آفرین صاحبہ صدر معلمہ آرکڈ پبلک اسکول بیدر شریک رہے۔
اس موقع پر جناب سید خورشید احمد قادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ بچوں میں ذہنی صلاحیتیں قدرتی طور پرہوتی ہیں۔ کسی میں کم کسی میں زیادہ مگر قدرت یہ نعمت ہر بچے کو عطا کرتی ہے۔ بچوں کی ذہنی صلاحیتوں کو ابھارنے میں والدین اور اساتذہ کرام کا کردار اہم ہوتا ہے۔اگر وہ صحیح نہج پر بچوں کی تربیت کریں تو ذہنی و تخلیقی صلاحیتیں نکھرجاتی ہیں جو ان کی کامیاب زندگی کی بنیاد ثابت ہوتی ہیں۔آرکڈ پبلک اسکول بیدرکے ذمہ داران کی اس جانب خصوصی توجہ سے سائنسی نمائش کا انعقاد طلبہ کی حوصلہ افزائی نہایت ہی ثمر آور ہوگی۔اس طرح کے پروگرام سال دو تین مرتبہ منعقد کیا جانا چاہئے۔ اس موقع پر جناب شیخ مسیح الدین مؤظف معلم و قومی ہاکی کھلاڑی بیدر نے اپنے خطاب میں کہا کہ جو اساتذہ کرام اور والدین بچوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے پر توجہ دیتے ہیں وہ ان کے روشن مستقبل کی بنیاد رکھتے ہیں۔ بچوں کو امتحانات میں اول آنے کی ترغیب دینا تو اہم سمجھا جاتا ہے لیکن انھیں کھلونوں کو توڑ کر دوبارہ جوڑنے کی طرف راغب کرنا ایک سائنسی تکنیک کہلاتی ہے۔بچوں کی نفسیات سے آگاہی رکھنے والے اس بات کو بخوبی سمجھتے ہوں گے کہ بچے اپنے اردگر د کے ماحول سے مانوس ہوجاتے ہیں اور اطراف موجود ہر چیز کے بارے میں خود سے سوال کرتے ہیں اور پھر انھیں جاننے کی بھی کوشش کرنے لگتے ہیں۔ یہ تجسس کی حس ہی ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو مہمیز دے سکتی ہے۔ جناب محمد امین نواز صحافی بیدر نے اپنے خطاب میں کہا کہ آرکڈ پبلک اسکول کا انتظامیہ تو مسلم ہے مگر یہاں پر غیر مسلم طلباء کی تعداد بھی مسلم بچوں کے ساتھ زیرِ تعلیم ہے اس ادارہ میں قومی یکجہتی کا نظارہ دیکھنے کو ملا۔بچوں کی صلاحیتوں کو اُبھارنے کے لیے ضروری ہے کہ انھیں موافق تخلیقی ماحول فراہم کیا جائے۔ انھیں ایسی سرگرمیوں میں مصروف کیا جائے جو ان کے رجحانات کو اجاگر کر سکتی ہیں اور جنھیں انجام دیتے ہوئے ان کا تخلیقی ذہن جِلا پائے۔اسکول میں اساتذہ اور گھر میں والدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ بچوں میں اپنے کام سے لگن پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ جدید اختراعات کے متعلق مطالعہ کرنے کو فروغ دیں۔پروگرام کا آغاز اسکول ہذا کے طالبِ علم عبدالایان ولدعبدالمعز کی قراء تِ کلام پاک سے کیا گیا۔اس موقع پر دو طالبات عائشہ فاطمہ بنت محمد عبدالواجد اور اقصی فاطمہ بنت محمود علی نے بھی قُرآن ِ مے دکی تلاوہ مع تجوید و مخارج کے ساتھ خوشالہان میں کرتے ہوئے ماحول کو نورانی بنادیا۔پروگرام کا افتتاح مہمانانِ خصوصی کے ہاتھوں پودے کو آبیاری کرتے ہوئے کیا گیا۔جناب اختر احمد خان مؤظف معلم و سابق صدر کراٹا ضلع بیدر نے نظامت کے فرائض بحسن خوبی انجام دئیے۔جبکہ محمد الیاس ٹرسٹی آرکڈ پبلک اسکول کے تمام مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے ان کی شالپوشی و گلپوشی کی اور شرکت اور اپنا قیمتی وقت دینے پر اِظہار تشکر کیا۔پروگرام کے بعد تمام مہمانانِ خصوصی نے آرکڈ پبلک اسکول کے طلبہ کی سائنسی نمائش کا مشاہدہ کیا۔اور طلبہ کی بھر پور حوصلہ افزائی کرتے ہوئے دعاؤں سے سرفراز کیا۔
NEWS & ADVERTISMENT CONTACT 9880736910
NEWS & ADVERTISEMENT CONTACT 9880736910
0 تبصرے