کالبرگی سالانہ سنی کانفرنس کامیاب: خواتین کی بڑی تعداد میں شرک
گلبرگہ 3 فروری ( ناز میڈیا اردو )سرزمینِ خواجہ بندہ نواز، گیسو دراز علیہ الرحمہ شہرِ گلبرگہ شریف میں سوادِ اعظم اہلِ سُنّت و جماعت کے 30 ویں سالانہ 2 روزہ عظیم الشان اجتماع کا آغاز آج مؤرخہ 3 فروری، بروز ہفتہ، 1 بجے نمازِ ظہر کی ادائیگی کے بعد با ضابطہ طور پر نہایت تزک و احتشام کے ساتھ ہوا- اجتماع کا آغاز اسلاف کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے قاری آفتاب رضوی صاحب نے تلاوتِ قرآنِ مجید اور مولانا محمد علی نجمی صاحب نے ترجمۂ قرآن کنزالایمان شریف کی برکتوں کے ساتھ کیا- بعدہٗ ممبئی سے تشریف لائے ہوئے محترم موسیٰ بھائی (مبلغ ٹیم ایس ڈی آئی امید) نے نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے قصیدہ بردہ شریف پیش کیا-
خطبۂ استقبالیہ کی حیثیت سے عالی جناب محمد خالد رضوی صاحب (رکنِ مجلسِ شوریٰ: سنی دعوتِ اسلامی، ممبئی) نے خواتین کی زندگی کے اصلاحی پہلوؤں اور خالقِ کائنات کی جانب سے مقرر کردہ عورتوں پر ان کے شوہروں کے مختلف حقوق پر نہایت مفید خطاب فرمایا- ادیبِ شہیر، فخرِ صحافت حضرت علامہ مبارک حسین مصباحی صاحب قبلہ (مدیر ماہ نامہ اشرفیہ و استاذ جامعہ اشرفیہ، مبارک پور) نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ مذہبِ اسلام نے عورتوں کو معاشرے میں عزت و وقار سے نوازا- مسلم قوم کی جو بچیاں ارتداد کا شکار ہو کر غیر مسلموں سے نکاح کر رہی ہیں، انہیں نصیحت کرتے ہوئے بتایا کہ اسلام ایسا پاکیزہ اور برحق دین ہے کہ پوری دنیا میں لاکھوں کی تعداد میں لوگ اسلام کے دامن سے وابستہ ہو رہے ہیں-
سراج الفقہاء، محقق مسائل جدیدہ حضرت علامہ مفتی محمد نظام الدّین رضوی مصباحی صاحب قبلہ (صدر شعبۂ افتاء و سابق صدرالمدرّسین: جامعہ اشرفیہ، مبارک پور) نے دارالعلوم رضائے مصطفیٰ کے درجۂ عالمیت سے فارغ التحصیل 4 طلباے کرام مولانا غلام دستگیر نوری، مولانا محمد محبوب، مولانا رضوان علی انعامدار اور مولانا اجمیر احمد، اور ان کے علاوہ مدرسہ فیضِ مصطفیٰ للبنات سے فارغ شدہ 7 عالمات کو ختمِ بخاری شریف کراتے ہوئے درسِ حدیث کی اجازت سے بھی نوازا-بعد نمازِ عصر بلبلِ باغِ مدینہ الحاج قاری محمّد رضوان خان صاحب (نائبِ امیر: سنی دعوتِ اسلامی، ممبئی) نے نعتِ نبیِ اکرم صلی اللّٰہ تعالیٰ علیہ وسلم گنگنایا- اس کے بعد دینی و شرعی مسائل کے سوال و جواب کا سیشن قائم ہوا، جس میں مفتی محمد نظام الدّین صاحب نے حالات کے پیشِ نظر مختلف اور اہم سوالات کے اطمینان بخش جوابات عنایت فرمایا- جہیز کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں مفتی صاحب قبلہ نے فرمایا کہ جہیز کی رقم نہ نذرانہ ہے، نہ ہبہ ہے، نہ ہدیہ ہے، نہ صدقہ ہے بلکہ یہ رقم رشوت ہے، جو سراسر نا جائز و حرام ہے- مزید فرمایا کہ معاشرے میں جہیز کے فروغ کی ایک اہم وجہ بہن بیٹیوں کو وراثت سے محروم کرنا ہے اور وراثت سے محروم کرنا حدیثِ پاک میں قیامت کی علامت قرار دیا گیا ہے- مزید فرمایا کہ بلا شبہہ صدقہ بلاؤں کو ٹالتا ہے مگر شرط یہ ہے کہ پہلے گناہوں سے سچی پکی توبہ کرکے دوبارہ گناہ نہ کرنے کا عزمِ مصمم کریں، پھر برکتوں کا جلوہ دیکھیں- مثلاً کوئی بیماری سے بچنے کے لیے علاج کے نام پر دوا تو کرے مگر بد پرہیزی کرے تو اسے بیماری سے شفا حاصل نہ ہوگی، یوں ہی اگر کنویں میں گرے ہوئے جانور کو باہر نکالے بغیر اگر پورا کنواں خالی کر دے تو بھی کنواں پاک نہیں ہو سکتا- نمازِ مغرب سے فارغ ہونے کے بعد حضرت مولانا محمد جاوید اختر مصباحی صاحب (مدرس و ناظمِ اعلیٰ: دارالعلوم رضائے مصطفیٰ، گلبرگہ) نے “مذہبِ اسلام کی روشنی میں زندگی گزارنے کا مقصد” عنوان پر انتہائی اصلاحی اور سنجیدہ گفتگو فرمائی-
اجتماع کے مہمان خطیب، لاکھوں فرزندانِ اسلام کے دلوں کی دھڑکن، آلِ رسول، شہزادۂ غوثِ اعظم علامہ سید امین القادری صاحب قبلہ (نگراں سُنّی دعوتِ اسلامی، مالیگاؤں) نے اپنے خصوصی خطاب میں دینی و ملی مسائل پر انتہائی مفصل اور مدلل خطاب فرماتے ہوئے قومِ مسلم کی عظمتِ رفتہ حاصل کرنے کے حوالے سے راہ نمائی فرمائی- آپ نے فرعون کی بیوی حضرتِ آسیہ کی نا قابلِ بیان آزمائشوں کا عبرت آمیز تذکرہ اور کامیاب ہونے پر انعامات کا ذکر کرتے ہوئے خواتینِ اسلام کو اللّٰه تعالیٰ کے ساتھ اپنا تعلق مضبوط بنانے کا پیغام دیا- رابعہ بصریہ کی زندگی پیش کرکے سوشل میڈیا کے فحش مناظر اور دنیاوی خرافات سے دور ہو کر پنج وقتہ نمازوں کی پابندی شریعتِ مطہرہ کی پاسداری کرنے پر بھرپور زور دیا- نماز کی پابندی پر زور دیتے ہوئے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ بے نمازی کو تقریباً 15 مصیبتوں میں گرفتار کر دیتا ہے، جن میں ایک روزی سے برکتیں اٹھا لینا ہے- جان بوجھ کر نماز چھوڑنے والے سے رب العالمین چادرِ رحمت اور اپنی امان اٹھا لیتا ہے-
اخیر میں اجتماعی ذکر کی محفل و رقت انگیز دعاؤں، اور صلوٰۃ و سلام کی صداؤں پر دو روزہ سالانہ سنی اجتماع کے پہلے دن کا اختتام ہوا-
NEWS & ADVERTISMENT CONTACT 9880736910
NEWS & ADVERTISEMENT CONTACT 9880736910
0 تبصرے