بنات والا صاحب کو 7 مرتبہ ممبر لوک منتخب ہونے کا اعزاز گلبرگہ میں 16 ویں برسی پر مسلم لیگ کی جانب سے دعائیہ مجلس کا انعقاد
گلبرگہ 25 جون ( نامہ نگار ) انڈین یونین مسلم لیگ ضلع گلبرگہ کی جانب سے رحمانیہ لائف انسٹیٹیوٹ حج کمیٹی نیا محلہ گلبرگہ میں الحاج غلام محمود بنات والا صاحب قومی صدر انڈین یونین مسلم لیگ کی 16 ویں برسی کے موقع پر آج دعائیہ مجلس کا انعقاد کیا گیا ۔ مولانا محمد نوح ریاستی جنرل سیکریٹری و صدر انڈین یونین مسلم لیگ ضلع گلبرگہ نے مجلس کی صدارت کی ۔ ابتدا میں الحاج غلام محمود بنات والا صاحب کی زبردست خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا کارروائی کا آغاز رحمانیہ لائف انسٹیٹیوٹ کے طلباء کی قرات کلام پاک و نعت خوانی سے ہوا ۔ بشیر عالم قائد مسلم لیگ نے اپنے خطاب میں بنات والا صاحب کی سیاسی سماجی و مذہبی زندگی کے ہر پہلو پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ الحاج غلام محمود بنات والا صاحب نے مہاراشٹر کے اسمبلی حلقہ عمر کھاڑی سے منتخب ہو کر انڈین یونین مسلم لیگ کے پہلے رکن اسمبلی ہونے کا اعزاز حاصل کیا 1967 میں پھر اسی حلقہ اسمبلی سے کامیابی حاصل کر کے تاریخی ریکارڈ قائم کیا بشیر عالم نے مزید کہا کہ الحاج غلام محمود بنات والا صاحب نے مہاراشٹر اسمبلی میں نسبندی جیسے قانون کے خلاف زبردست احتجاج کرتے ہوئے شریعت مخالف اس قانون پر پرزور طریقے سے آواز بلند کی اور حکومت کو اس قانون کو منسوخ کرنے پر مجبور کیا ۔ انہوں نے کہا کہ الحاج غلام محمود بنات والا صاحب نے مسلمانوں کی بے باک نمائندگی کا حق ادا کرتے ہوئے مسلم مسائل پر اور اردو کو دوسری سرکاری زبان کا درجہ دلوانے کے لیے کامیاب جدوجہد کی اردو مدارس کے تحفظ کے لیے بھی بھرپور نمائندگی کی ۔
صدر جلسہ مولانا محمد نوح نے اپنے شعلہ بیان خطاب میں الحاج غلام محمود بنات والا صاحب کو ہندوستان کے مسلمانوں کی آن بان شان کی علامت قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ بنات والا صاحب نے ہر دور اقتدار میں مسلم مسائل شریعت مخالف قوانین پر بھرپور نمائندگی کی انہوں نے شاہ بانو کیس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بنات والا صاحب نے پرائیویٹ بل پیش کرتے ہوئے حکومت وقت کو سرکاری بل منظور کرنے پر مجبور کیا ۔
مولانا محمد نوح نے مزید کہا کہ بنات والا صاحب نے 7 مرتبہ لوک سبھا کے لیے منتخب ہو کر ہندوستانی پارلیمنٹ کی تاریخ میں ایک نظیر قائم کی انڈین یونین مسلم لیگ کے کسی اور قائد کو یہ اعزاز حاصل نہیں ہوا آپ ایک بہترین مقرر مدبر اور ماہر تعلیم تھے آپ اردو اور انگریزی پر یکساں دسترس رکھتے تھے ایوان بالا ایوان زریں میں جب کبھی شریعت میں مداخلت کی جاتی فخرملت بنات والا صاحب بڑے مدلل انداز سے دفاع کرتے ہوئے اپنی بات کو منوایا کرتے تھے
انہوں نے کہا کہ انڈین یونین مسلم لیگ ہر سال 25 جون کو غلام محمود بنات والا صاحب کی برسی کو قومی سطح پر یوم تحفظ شریعت کے طور پر مناتی آرہی ہے
مولانا محمد نوح نے کہا کہ آج بھی کیرالہ اسمبلی میں 15 رکن اسمبلی اور لوک سبھا میں 3 اور راجیہ سبھا میں 2 انڈین یونین مسلم لیگ کے قائدین مسلمانوں کی نمائندگی کر رہے ہیں ۔
اس مجلس میں عبدالسلام رنگریز خازن مسلم لیگ عبدالرشید اشٹہ شاعر و صحافی مبین احمد زخم اور سجاد حسین سماجی کارکن رحمانیہ لائف انسٹی ٹیوٹ کے طلبا و مدرسین نے شرکت کی اختتام پر مولانا شہاب الدین نظامی پرنسپل رحمانیہ لائف انسٹیٹیوٹ نے الحاج غلام محمود بنات والا صاحب کے جنت الفردوس میں درجات میں بلندی کی دعا کی۔ مبین احمد زخم نے نظامت کی آخر میں خواجہ صدر الدین پٹیل سیکرٹری مسلم لیگ نے شکریہ ادا کیا
NEWS & ADVERTISEMENT CONTACT 988
NEWS & ADVERTISMENT CONTACT 9880736910
۔
0 تبصرے