پی ایم مودی کی حلف برداری کے بعد نتیش کمار کی پٹنہ واپسی، استقبال میں جے ڈی یو کارکنوں کا ہجوم
پٹنہ، 10 جون (نامہ نگار )۔ وزیراعلی نتیش کمار دہلی کے پانچ روزہ دورے کے بعد آج پٹنہ واپس آگئے ہیں۔ وہ دہلی سے پہلی فلائٹ سے پٹنہ واپس آئے ہیں۔ جے ڈی یو کارکنوں کی بھیڑ ان کے استقبال کے لیے ہوائی اڈے کے باہر جمع ہے۔ نریندر مودی کی قیادت میں مرکز میں تیسری بار حکومت بنی ہے اور جنتا دل یونائیٹڈ بھی حکومت میں شامل ہے۔ جے ڈی یو سے مونگیر کے ایم پی للن سنگھ کابینہ کے وزیر بنائے گئے ہیں، جب کہ راجیہ سبھا کے رکن رام ناتھ ٹھاکر کو وزیر بنایا گیا ہے۔
اس بار وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے مرکز میں حکومت بنانے میں بڑا رول ادا کیا ہے۔ للن سنگھ اور رام ناتھ ٹھاکر کو نتیش کمار کے بہت قریبی سمجھا جاتا ہے۔ ان دونوں کو نریندر مودی کی حکومت میں جگہ ملی ہے۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار مرکز میں حکومت بنانے کے بعد آج واپس آئے ہیں۔ بہار میں لوک سبھا انتخابات کی وجہ سے ماڈل ضابطہ اخلاق طویل عرصے سے نافذ تھا۔ اب وہ بھی ختم ہو گیا ہے۔ ایسے میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے واپس آتے ہی حکومت کی سرگرمیاں بھی بڑھ جائیں گی۔
اس بار لوک سبھا انتخابات میں این ڈی اے نے 40 میں سے 30 سیٹیں جیتی ہیں۔ 2019 کے مقابلے میں 9 سیٹوں کا نقصان ہوا ہے۔ اس بار جے ڈی یو نے 12 سیٹیں جیتی ہیں، جب کہ گزشتہ انتخابات میں اس نے 16 سیٹیں جیتی تھیں۔ اس الیکشن میں سب سے زیادہ نقصان بی جے پی کو ہوا ہے۔ گذشتہ بار 17 سیٹیں جیتی تھیں، اس بار 5 سیٹوں کا نقصان ہوا ہے۔ جے ڈی یو اور بی جے پی نے اس بار 12۔12 سیٹوں پر الیکشن جیتا ہے ۔
0 تبصرے