موجودہ حالات میں کربلا کی آزمائشوں سےگذرنے ہمیں تیار رہنے کی ضرورت مجیب علی خان میوزیم کلچر ل فورم گلبرگہ کے زیر اہتمام جلسہ عظمت شہادت حسین ؓ کا انعقاد،عزیز اللہ سرمست کا خطاب
گلبرگہ 16 جولائی( نامہ نگار )حضرت سیدنا امام حسینؓ کے عظیم کردار کو صرف تقر یر کا موضو ع بنانے اور ان سے عقیدت کا اظہا ر کرنے کے بجائے ہمیں حضرت امام حسین کے کردار کو اپنانے کی ضرورت ہے۔اس خیال کا اظہار سینئر صحافی عزیز اللہ سرمست صدر حضرت صوفی سرمستؒ اسلامک اسٹڈی سرکل گلبرگہ نے کیا ہے۔وہ آج دوپہر مجیب علی خان میوزیم کلچر ل فورم گلبرگہ کے زیر اہتمام مجیب علی خان میوزیم کلچر ل ہال نز د مسجد خدیجہ الکبریٰ عقب شاداب فنکشن ہال رنگ روڈ گلبرگہ میں منعقد ہ جلسہ عظمت شہادت حسینؓ کو مخاطب کر رہے تھے۔عزیز اللہ سرمست نے قافلہ حجاز میں ایک حسین ؓ بھی نہیں کے زیر عنوان مخاطب کرتے ہوئے
کہا کہ باطل سے ٹکرانا اور شریعت میں کسی بھی قسم کی مداخلت کیخلا ف سینہ سپر ہونا ہی حسینیت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ امام حسین ؓنے تحفظ شریعت کے لئے جام شہادت نوش فرمایا۔صرف واقعات کربلا بیان کرنا اور سننا یہ حضر ت اما حسین ؓ کے ساتھ محبت و عقیدت کا تقاضہ نہیں ہے بلکہ موجودہ حالات میں ہمیں بھی کربلا کے میدان سے گذرنے کے لئے اپنے آپ کو تیار کرنے کی ضرورت ہے۔عزیز اللہ سرمست نے کہا کہ غزہ میں فلسطینی مسلمانوں پر جس طرح کے مظالم ڈھائے جارہے ہیں ان سے کربلا کی یاد تازہ ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ جب بھی یزیدی طاقتیں سر اٹھاتی ہیں تو ہمیں حسینی کردار پیش کرنا ہو گالیکن ہم صرف علمبردار بن کے رہ گئے ہیں۔آج ہم حضرت امام حسین ؓ کو یاد کر رہے ہیں
لیکن باطل سے ٹکرانے اور شریعت کے تحفظ کے لئے حضرت امام حسین ؓکی جو جرأ ت و حوصلہ تھا، جو عزم مصمم تھا ہم میں اس کا فقدان پایا جاتا ہے۔عزیز اللہ سرمست نے مزید کہا کہ ہمیں خدا کا خوف ہونا چاہئے باطل اور یزیدی طاقتوں سے ہم کو ہر گز خوفزدہ نہیں ہونا چاہئے۔حضرت امام حسینؓ نے ایک تاریخ بنائی اور یہ پیغام دیا کہ حق پرست باطل کے آگے کبھی نہیں جھکتے۔ایک طرف ہم امام حسینؓ کا نام لیتے ہیں اور ان کے عقیدت مند ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں اور دوسری جانب ہم باطل طاقتوں، یزیدی طاقتوں سے دب جاتے ہیں،مرعوب ہو جاتے ہیں یا پھر سمجھوتہ کر لیتے ہیں۔ہماری موجودہ پسپائی کی یہی بنیادی وجہہ ہے۔قبل ازیں کارر وائی کا آغاز مولوی محمد مظہر احمد گرمٹکالی کی قرأ ت کلام پاک سے ہوا۔انہوں نے ہی نعت و منقبت درشان حضرت امام حسین ؓ پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔ممتاز ادیب طنز و مزاح نگار منظور وقار نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے کہا کہ حق و باطل کے درمیان مقابلہ ہر دور میں ہوتا رہا ہے اور ہر بار باطل پر حق کو فتح حاصل ہوئی ہے۔سرگرم سماجی جہد کار ساجد علی رنجولوی نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے جلسہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ناموافق حالات کا سامنا کرنے اور آزمائشوں سے گزرنے کے لئے حضرت اما م حسین ؓکے کر دار میں ہمارے لئے بہترین رہنمائی موجود ہے۔سید نذیر الدین متولی صدر کرناٹک اسٹیٹ گور نمنٹ ریٹائرڈ ایمپلائز مائناریٹی اسوسی ایشن گلبرگہ نے جلسہ کی صدارت کی۔انہوں نے صدارتی تقریر میں کہا کہ ظلم و جبر اور نا انصافی کیخلاف جد و جہد کرنے والے جہد کاروں کے لئے حضرت امام حسین ؓ بہترین رول ماڈل ہیں۔انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین ؓ کا کردار اتنا عظیم ہے کہ غیر مسلم بھی حضرت امام حسین ؓ کا بڑا احترام کرتے ہیں۔نواب خان جنرل سیکریٹری کرناٹک اسٹیٹ گورنمنٹ ریٹائرڈ ایمپلائز مائناریٹی اسوسی ایشن گلبرگہ نے نہا یت خوش اسلوبی کے ساتھ نظامت کے فرائض انجام دیئے۔محمد مجیب علی خان صدر مجیب علی خان میوزیم کلچر ل فورم گلبرگہ،داعی جلسہ نے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ان دنوں مذہبی جلسوں میں شرکت کارحجان کم ہوتا جا رہا ہے جبکہ سیاسی جلسوں اورشادیوں میں عوام کا ہجوم دکھائی دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے اسلاف نے جان و مال اور ہر طرح کی قربانیاں دیں لیکن یہ کتنا بڑا المیہ ہے کہ ان کی یاد میں منائے جانے والے جلسوں میں شرکت کے لئے ہم وقت کی قربانی دینے کے لئے تیا ر نہیں ہیں۔آخر میں مولوی عبدالجبار پیارے نے فاتحہ خوانی کی۔
NEWS & ADVERTISEMENT CONTACT 988
NEWS & ADVERTISMENT CONTACT 9880736910
0 تبصرے