عامر علی خان و کودنڈا رام نے رکن قانون ساز کونسل کی حیثیت سے حلف لیا
حیدرآباد16اگسٹ(نامہ نگار ) گورنر تلنگانہ کے کوٹہ کے تحت ارکان قانون ساز کونسل کی حلف برداری کا انتظار آج ختم ہوگیا اور گورنر تلنگانہ کی منظوری کے بعد جناب عامر علی خان نیوزایڈیٹر سیاست اور پروفیسر کودنڈا رام کو صدرنشین مسٹر جی سکھیندرریڈی نے آج رکن کونسل کا حلف دلایا۔ جناب عامر علی خان نے رکن کونسل کی حیثیت سے 'اللہ ' کے نام پر عہدہ و رازداری کا اردو میں حلف لیا جبکہ پروفیسر کودنڈارام نے تلگو میں حلف لیا۔ تلنگانہ کونسل میں گورنر کوٹہ کے تحت حلف برداری تقریب میں وزراء مسٹر پی سرینواس ریڈی ' مسٹر پونم پربھاکر ' مشیر حکومت مسٹر ویم نریندر 'گورنمنٹ وہپ بی ایلیا' ارکان کونسل مسٹر پربھاکر راؤ'مسٹر مہیش کمار گوڑ'بی وینکٹ' کے علاوہ پروفیسر پی ایل ویشویشور ریڈی و دیگر موجود تھے ۔ صدرنشین کونسل جی سکھیندر ریڈی نے آج صبح 10:30 بجے دونوں نو نامزد ارکان کو حلف دلایا بعد ازاں جناب عامر علی خان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے انہیں اس عہدہ کے ذریعہ عوام کی خدمت کا موقع فراہم کیا ہے اور وہ اس کے ذریعہ ملت اسلامیہ اور تلنگانہ عوام کی ممکنہ حد تک خدمت کو یقینی بنائیں گے۔ انہو ںنے اللہ کا شکر ادا کیا اور کہا کہ وہ حکومت کے علاوہ کانگریس اعلیٰ کمان کے مشکور ہیں جنہوں نے اس خدمت کا انہیں موقع دیا ہے۔ جناب عامر علی خان کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے مسلمانوں و اقلیت دشمن پالیسی کو منظر عام پر لایا جائیگا اور اس کی شدت سے مخالفت کی جائے گی۔ انہوں نے وقف ترمیمی بل کے متعلق کہا کہ اس کی قومی سطح پر مخالفت کی جائے گی اور کسی بھی مسلم دشمن فیصلہ پر عمل کو روکنے میں وہ کلیدی کردار ادا کریں گے۔ پروفیسر کودنڈا رام نے میڈیا سے کہا کہ حکومت تلنگانہ کو حقیقی سنہراتلنگانہ بنانے کے مشن پر گامزن ہے اور اس مشن کو پورا کرنے میں وہ حکومت سے مکمل تعاون کریں گے۔ پروفیسر کودنڈا رام نے کہا کہ حکومت کی جانب سے تلنگانہ کی ترقی کے اقدامات کو یقینی بنانے اقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ تشکیل تلنگانہ سے قبل عوام نے خواب دیکھے تھے اب ان خوابوں کو پورا کرنے کا وقت آچکا ہے اور تلنگانہ میں کانگریس کے اقتدار کے بعد سے اب تک جو ترقی ہوئی ہے اس کی مثال ملک کی دیگر ریاستوں میں دی جانے لگی ہے۔ انہوں نے کانگریس اعلیٰ کمان اور حکومت تلنگانہ سے بہ حیثیت رکن قانون ساز کونسل نامزد کئے جانے پر اظہار تشکر کیا اور کہا کہ وہ اپنے عہدہ کے ساتھ دیانتداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے عوام کے درمیان رہتے ہوئے ان کی خدمت انجام دیں گے۔حلف برداری کے بعد دونوں ارکان نے یادگار شہیدان پہونچ کر شہیدان تلنگانہ کو خراج پیش کیا ۔
NEWS & ADVERTISEMENT CONTACT 988
NEWS & ADVERTISMENT CONTACT 9880736910
0 تبصرے