بی سی طبقات کی مردم شماری 60 دن میں مکمل کرنے چیف منسٹر کی ہدایت
حیدرآباد15 اکتوبر (نامہ نگار ) تلنگانہ حکومت نے بی سی طبقات کی سماجی ، تعلیمی اور معاشی پسماندگی سے متعلق مردم شماری کو 60 دن میں مکمل کرنے کی راہ میں پیشقدمی کرتے ہوئے محکمہ پلاننگ کو ہدایات جاری کی ہیں ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں بی سی طبقات کی مردم شماری کے لئے بی سی کمیشن اور پلاننگ ڈپارٹمنٹ کی مشترکہ مساعی کا جائزہ لیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ مجالس مقامی کے مجوزہ انتخابات کے پیش نظر عہدیداروں کو اندرون 60 یوم مردم شماری کا عمل مکمل کرنا چاہئے۔ حکومت نے حال ہی میں احکامات جاری کرتے ہوئے پلاننگ ڈپارٹمنٹ کو یہ ذمہ داری ہے ۔ حکومت نے بی سی طبقات کی سماجی ، معاشی اور تعلیمی پسماندگی کیلئے گھر گھر سروے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ مجالس مقامی میں ان کے تحفظات میں اضافہ کیا جاسکے۔ 60 دن میں مردم شماری کی تکمیل حکومت کیلئے کسی چیلنج سے کم نہیں ہے۔ تاہم چیف منسٹر چاہتے ہیں کہ اس سلسلہ میں مختلف محکمہ جات سے تعاون حاصل کرتے ہوئے گھر گھر سروے کا کام مکمل کیا جائے۔ چیف منسٹر نے پلاننگ ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں کو منصوبہ بندی کی ہدایت دی اور بی سی کمیشن سے کہا گیا ہے کہ وہ اس کام میں تعاون کریں۔ تلنگانہ میں بی سی طبقات سیاسی سطح پر نمائندگی میں اضافہ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ان کا مطالبہ ہے کہ تحفظات میں اضافہ کے بعد ہی پنچایت راج اداروں اور دیگر مجالس مقامی کے انتخابات منعقد کئے جائیں۔ حکومت نے بی سی طبقات کی تنظیموں کے مطالبہ کو قبول کرتے ہوئے اندرون 60 یوم مردم شماری کا عمل مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تلنگانہ میں پنچایت راج اداروں کی میعاد ختم ہوچکی ہے اور سرپنچوں کی جگہ اسپیشل آفیسرس خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ایسے میں مقامی مسائل کی یکسوئی اور ترقیاتی کاموں میں منتخب نمائندوں کی عدم شمولیت کے نتیجہ میں عوام کو دشواریوں کا سامنا ہے ۔ حکومت پر مسلسل دباؤ پڑ رہا ہے کہ پنچایت راج اداروں کے اسپیشل آفیسرس کی جگہ سرپنچوں کا تقرر کیا جائے۔ تقریباً 6 ماہ سے پنچایت راج ادارے عوامی نمائندوں سے محروم ہیں۔ مجالس مقامی میں بی سی طبقات کیلئے 42 فیصد تحفظات کا کانگریس نے وعدہ کیا ہے ۔ مرکزی حکومت سے پنچایت راج اداروں کیلئے ترقیاتی فنڈس کی اجرائی کے پیش نظر حکومت نے انتخابات کے جلد انعقاد کا منصوبہ بنایا ہے۔ اگر 60 دن میں مردم شماری مکمل کرلی گئی تو انتخابات کے انعقاد کے ذریعہ مرکزی فنڈس کے حصول کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے چیف سکریٹری اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں کو بی سی مردم شماری کی نگرانی کی ہدایت دی ہے۔
0 تبصرے