حیڈرا اور موسی ریور فرنٹ پراجکٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا
حیدرآباد 15اکتوبر (نامہ نگار ) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے سرکاری اراضیات، جھیلوں اور نالوں کے تحفظ کیلئے حیڈرا کی کارروائیوں کو حق بجانب قرار دیا ہے۔ نظام آباد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ اگر جھیلوں ، تالابوں اور نالوں پر غیر مجاز قبضے برخواست نہیں کئے گئے تو حیدرآباد میں کیرالا کے وائیناڈ جیسی صورتحال پیدا ہوگی جہاں سیلاب سے حال ہی میں بھاری نقصانات ہوئے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حیڈرا کے مسئلہ پر حکومت کے قدم پیچھے ہٹانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ اس کے علاوہ موسی ریور فرنٹ پراجکٹ پر بہرصورت عمل کیا جائے گا۔ مہیش کمار گوڑ نے حیڈرا اور موسی پراجکٹ کے خلاف کے ٹی آر ، ہریش راؤ اور کشن ریڈی کے الزامات کو مسترد کردیا اور کہا کہ حقیر سیاسی مفادات کے لئے ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی حیدرآباد کو عالمی معیار کے شہر کے طور پر ترقی دینا چاہتے ہیں۔ مہیش کمار گوڑ نے قانون ساز کونسل کی گریجویٹ نشست کے انتخابات میں کانگریس کی کامیابی کو یقینی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10 برسوں میں بی آر ایس حکومت نے طلبہ اور نوجوانوں کے ساتھ جس طرح دھوکہ دہی کی ، اسے گریجویٹ ووٹرس بھولے نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کونسل کے چناؤ میں بی آر ایس کو حصہ لینے کا اخلاقی حق نہیں ہے۔ کانگریس برسر اقتدار آتے ہی ملازمتوں پر تقررات کا عمل شروع کیا گیا۔ دو ماہ میں ڈی ایس سی کی تکمیل کرکے 11,000 اساتذہ کے تقررات کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس اور بی جے پی صرف سوشیل میڈیا کے ذریعہ حکومت کے خلاف مہم چلا رہے ہیں۔ صدر پردیش کانگریس نے کہا کہ کالیشورم اور دیگر پراجکٹس میں بے قاعدگیوں کی جانچ جاری ہے اور جو بھی قصوروار پائے جائیں ، ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
NEWS & ADVERTISMENT CONTACT 9880736910
SAFA HOSPITAL BIDAR
0 تبصرے