منشیات میں ملوث ٹولیوں کے صفایا کے اقدامات
دو ٹولیوں کا پردہ فاش ، سٹی پولیس کمشنر سی وی آنند کی پریس کانفرنس
حیدرآباد 26 اکٹوبر (نامہ نگار ) حیدرآباد نارکوٹک انفورسمنٹ ونگ کی جانب سے شہر میں منشیات میں ملوث ٹولیوں کا صفایا کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ یہ بات حیدرآباد سٹی پولیس کمشنر مسٹر سی وی آنند نے بتائی ۔ انہوں نے آج یہاں کمانڈ کنٹرول میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ شہر میں دو ٹولیوں کا پردہ فاش کیا گیا ہے ۔ ہمایوں نگر اور کنچن باغ پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی میں حیدرآباد نارکوٹک انفورسمنٹ ونگ نے چار افراد کو گرفتار کرلیا ۔ سٹی پولیس کمشنر نے بتایا کہ 24 سالہ محمد عبدالرحمان عثمان عرف محمد عثمان عرف حسین ساکن ٹولی چوکی متوطن جنوبی سوڈان کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے اس کے قبضہ سے 50 گرام ایم ڈی ایم اے ایک موبائل فون اور ایک پاسپورٹ کو ضبط کرلیا ۔ عبدالرحمن سال 2016 میں پہلی مرتبہ حیدرآباد اسٹوڈنٹ ویزا پر آیا تھا جو ٹولی چوکی علاقہ میں رہتا تھا ۔ سال 2017 میں اپنے وطن گیا اور سال 2018 میں چار سالہ ویزا کے ساتھ پھر واپس آیا ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ عبدالرحمن منشیات استعمال اور فروخت کرنا شروع کردیا ۔ تنزانیہ ، نائجیریا ، سوڈان اور فلسطین کے شہریوں کے علاوہ مقامی شہریوں سے منشیات کو کم قیمت پر خرید کر حیدرآباد میں زیادہ قیمت پر فروخت کرنے لگا تھا ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ پولیس کی سختی کے بعد انہوں نے لوکیشن اور تصویر کو ڈراپ کرنے کا طریقہ کار رائج کرلیا اور تقریبا رقم کی وصولی آن لائن ہی کیا کرتے تھے جب کہ دوسری کنچن باغ پولیس اور ایچ نیو نے مشترکہ کارروائی میں تین افراد ایک بین ریاستی اور دو مقامی اسمگلرس کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس کمشنر نے بتایا کہ 25 سالہ نندکمار پی ایس عرف لالو ساکن بنگلور کرناٹک متوطن کوچی کیرالا 24 سالہ محمد عمران عرف شکور عرف ساحل عرف امو ساکن ٹولی چوکی متوطن بنجارہ ہلز اور 24 سالہ کے نوین عرف نوین ساکن چندا نگر کو گرفتار کرلیا ۔ اور ان کے قبضہ سے 80 گرام ایم ڈی ایم اے 10 ایل ایس ڈی بلوٹس ، تین موبائل فون ایک مشین کو ضبط کرلیا جس کی مالیت 13 لاکھ روپئے بتائی گئی ہے ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ حیدرآباد نارکوٹک انفورسمنٹ ونگ کا جائزہ لیا گیا اور چیف منسٹر کی خصوصی ہدایت پر شہر سے منشیات کو نکال پھینکنے اور منشیات سے پاک سماج کی تعمیر کے لیے سخت اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ سٹی پولیس کمشنر نے کہا کہ پہلے دن تمام ٹولیوں کو سرگرمیوں اور طریقہ کار کا جائزہ لیا گیا جو پولیس کارروائی میں گرفتار ہوچکی ہیں اور منشیات اور گانجہ دو قسم کی ٹولیوں اور ان کے نٹ ورک کو ختم کرنے کے اقدامات جاری ہیں۔
0 تبصرے