ریاست میں امن متاثر کرنے والوں کو برداشت نہیں کیا جائیگا ' چیف منسٹر کا اعلان

ریاست میں امن متاثر کرنے والوں کو برداشت نہیں کیا جائیگا ' چیف منسٹر کا اعلان



حیدرآباد 21 اکٹوبر( نامہ نگار ) ریاست میں نقص امن پیدا کرنے والوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور مذہبی مقامات پر حملہ کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج یوم یادگار پولیس کے موقع پر فلیگ ڈے پریڈ سے خطاب میںیہ بات کہی ۔ چیف منسٹر نے سکندرآباد میں مندر پر حملہ کا تذکرہ کیا اور کہا کہ حکومت نے پولیس کو ہدایت دی ہے کہ وہ آہنی پنجہ سے ایسی سازشوں کو کچلنے کے اقدامات کرے اور خاطیوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔


 چیف منسٹر نے پولیس عہدیداروں کی دوران خدمت شہادتوں اور اموات پر خراج پیش کیا اور کہا کہ پولیس کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ انہو ںنے پولیس خدمات میں رخنہ اندازی اور امن و ضبط کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرنے والوں کو انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں عوام رات کے وقت اطمینان کے ساتھ اسی لئے سوتے ہیں کہ پولیس اہلکار خدمات انجام دیتے ہیں۔

چیف منسٹر نے کہا کہ امن و صیانتی انتظامات کسی بھی ریاست کی ترقی کیلئے دو اہم کلید ہیں اور کوئی بھی ریاست امن و ضبط کی برقراری کے علاوہ حفاظتی و صیانتی انتظامات میں بہتری کے بغیر سرمایہ کاروں کو راغب نہیں کرسکتی ۔انہوں نے تلنگانہ پولیس کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس امن و ضبط کی برقراری کیلئے کوئی سمجھوتہ نہیں کررہی ہے اور اپنے مقصد کی تکمیل کیلئے ہر طرح کی قربانی دینے ہمہ وقت تیار ہے۔چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست میں برسر خدمت شہید پولیس عہدیداروں کیلئے یہ پروگرام فورس میں اعتماد پیدا کرتے ہیں اور پروگرام میں شرکت کے ذریعہ وہ یہ یقین دلاتے ہیں کہ وہ اور حکومت پولیس فورس کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے شہید عہدیداروں کے ایس ویاس ' پردیسی نائیڈو' اومیش چندرا کے علاوہ کرشنا پرساد کا تذکرہ کیا اور کہا کہ ان عہدیدارو ںنے امن و امان کیلئے اپنی جانوں کی قربانی دی ہے اور حکومت ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرسکتی۔چیف منسٹر نے مجرمین کے حربوں کا تذکرہ کیا اور کہا کہ تلنگانہ نے گرے ہاؤنڈس اور ایس آئی بی کی تشکیل کے ذریعہ مجرمانہ سرگرمیوں پر قابو پانے اقدامات کئے ہیں ۔ریونت ریڈی نے کہا کہ پولیس انتظامیہ کی کارکردگی کی مرکزی وزارت داخلہ نے ستائش کی اور وزیر داخلہ امیت شاہ نے خود کہا کہ تلنگانہ پولیس جرائم کی روک تھام میں کلیدی رول ادا کررہی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ پولیس معاشرہ میں تبدیلیوں پر نظر رکھتی ہے اور اب جو جرائم فروغ پا رہے ہیں ان میں سائبر جرائم میں اضافہ ہونے لگا ہے جس کا شکار تعلیمیافتہ شہری بھی ہونے لگے ہیں ۔انہوں نے پنجاب میں نشہ اور منشیات کی عادی نوجوانوں کی صورتحال کا تذکرہ کیا اور کہا کہ تلنگانہ میں گذشتہ 10 برسوں میںگانجہ' ہیروئین اور کوکین کے نشہ میں اضافہ ہوا ہے اور پولیس سے منشیات کے فروغ کو روکنے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں۔حکومت نے تلنگانہ نارکوٹیکس بیورو کے قیام کے ذریعہ شعبہ کو مکمل تعاون فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ نوجوانو ںکو نشہ کی لعنت سے دور رکھا جائے۔انہو ںنے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے حکومت نے فیصلہ کیا کہ مصنوعی ذہانت کے ذریعہ ٹریفک نظام میں بہتری لائی جائے اور پولیس حکام جائزہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے ریاست میں امن و ضبط کو نقصان پہنچانے والوں کو انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ عوام آپس میں ہم آہنگی سے رہتے ہیں ان میںتفرقہ ڈالنے کی کوششیں کی جار ہی ہیں ان کوششوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت نے پولیس کو منادر پر حملہ کرنے والوں سے سختی سے نمٹنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے پولیس سے تمام مذاہب کے تہواروں میںبہترین خدمات کی فراہمی پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ محرم ' عید الاضحی ' کرسمس' گنیش چتورتھی ' ہنومان جینتی ' رام نومی و دیگر تہواروں میں پولیس عہدیدار و اہلکار محض تنخواہ کیلئے خدمات انجام نہیں دیتے بلکہ امن وضبط کی برقراری کی ذمہ داری کو پورا کرتے ہیں۔انہوں نے تعلیمیافتہ نوجوانوں کے پولیس کانسٹیبل کی حیثیت سے بھرتی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی پولیس میں بھرتی سے ریاست کیلئے خدمات انجام دینے میں اپنی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔تقریب میں ڈائرکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر جتیندر و دیگر اعلیٰ عہدیدار موجود تھے ۔ 

NEWS & ADVERTISMENT CONTACT     9880736910

NEWS & ADVERTISMENT CONTACT                         9880736910

NEWS & ADVERTISMENT CONTACT                           9880736910
NEWS & ADVERTISMENT CONTACT                          9880736910

SAFA HOSPITAL BIDAR

NEWS & ADVERTISMENT CONTACT 9880736910










ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے