خود کو بھارتیہ کہتے ہوئے بی جے پی کو شرم آنی چاہئے ادھو ٹھاکرے
ممبئی13 اکتوبر ( نامہ نگار ) شیوسینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے آج ممبئی میں دسہرہ ریلی سے خطاب کیا اور انہوں نے اس موقع پر جہاں آنجہانی صنعتکار رتن ٹاٹا کو خراج عقیدت پیش کیا وہیں بی جے پی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ۔ دسہرہ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ رتن ٹاٹا نے عوام کو نمک دیا تھا جس سے کھانوں میں لذت آتی ہے لیکن آج کچھ تاجر ممبئی کی نمک فراہم کرنے والی زمینوں پر قبضے جمانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کسی کا نام لئے بغیر یہ بات کہی ۔ ادھو ٹھاکرے نے رتن ٹاٹا کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک موقع پر رتن ٹاٹا ان کے گھر آئے تھے ۔ وہاں سے واپسی کے بعد رتن ٹاٹا نے ان سے کہا تھا کہ دونوں میں ایک وراثت ہے ۔ ادھو نے کہا کہ رتن ٹاٹا میں ان کے والد کی روایت تھی اور ان ( ادھو ) میں اپنے والد بال ٹھاکرے کی روایت ہے ۔ ادھو ٹھاکرے نے بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پارٹی ہٹ دھرمی پر اتر آئی ہے جس طرح مہابھارت میں کورووں نے ہٹ دھرمی دکھائی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو خود کو ' بھارتیہ ' کہتے ہوئے شرم آنی چاہئے کیونکہ وہ اپنے راستے سے بھٹک گئی ہے ۔ ادھو ٹھاکرے نے آر ایس ایس کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ تنظیم کو سوچنا چاہئے کہ آیا آج کے دور کی بی جے پی اس کے اقدار سے مماثلت رکھتی ہے یا نہیں۔ انہوں نے وعہد کیا کہ ریاست میں اقتدار پر آنے کے بعد ہر ضلع میں شیواجی کی مندریں بنائی جائیں گی ۔ ادھو نے کہا کہ 2019 میں انہوں نے بی جے پی سے رشتہ ختم کردیا تھا کیونکہ وہ بی جے پی کے ہندوتوا میں یقین نہیں رکھتے ۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے کبھی اپنے والد بالاصاحب ٹھاکرے کے نظریات کو ترک نہیں کیا ہے ۔
0 تبصرے