عبدالعلی نیوز ایڈیٹر روزنامہ حیدرآباد کرناٹک نے شہید پولیس جوانوں کو گلہائے عقیدت پیش کیا
بیدر ۔21اکٹوبر( نامہ نگار )65سال سے زائد عرصہ سے شہر بیدر سے پابندی کے ساتھ شائع ہونے والا معروف اُردو روزنامہ حیدراباد کرناٹک“ کے جواں سال نیوز ایڈیٹر جناب عبدالعلی مورخہ21 اکٹوبر 2024 کو یوم شہیداں پولیس کے موقع پر پولیس ہیڈ کوارٹر بیدر میں واقع پولیس شہید اسمارک پر شہید پولیس جوانوں اور نیم فوجی دستوں کے شہداء کو گلہائے عقیدت پیش کیا اور ان کی قربانیوں کو آپ نے سلیوٹ کیا اور دل و جاں سے سراہا۔
تفصیلات کے بموجب بیدر کے پولیس پریڈ کوارٹر میں 21 اکتوبر 2024 بروز پیر کو بیدر ضلع پولیس محکمہ کی جانب سے یوم شہیداں پولیس تقریب کا انعقاد عمل میں لایا گیا جس کی صدارت ضلع سپر نٹنڈنٹ آف پولیس مسٹر پردیپ کنٹی IPS نے کی۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سچن کوشک آر این اور مہمان خصوصی کی حیثیت سے ریٹائرڈ ڈسٹرکٹ سرجن ڈاکٹر چندر کانت گوگے نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ پروگرام میں ایڈیشنل ایس پی مبیش میگھناور چندر کانت پجاری اور دیگر پولیس عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔ اس پروگرام میں اُردو روزنامہ حیدرآباد کرناٹک کے جواں سال نیوز ایڈیٹر جناب عبدالعلی نے پولیس بینڈ کی ٹیم کی غم انگیز دھن پر شہید اسمارک پر پولیس جوانوں کو گلہائے عقیدت پیش کئے اور شہید پولیس جوانوں کی قربانیوں کو یاد کیا۔ واضح رہے کہ اُردو روزنامہ حیدرآباد کرناٹک بیدر کے نیوز ایڈیٹر جناب عبدالعلی کو گذشتہ 9 سال سے شہدائے پولیس اور نیم فوجی دستوں کو گلہائے عقیدت پیش کرنے کا موقع دیا جا رہا ہے۔ جناب عبدالعلی مسلسل 9 سال سے یہ فریضہ بخوبی انجام دے رہے ہیں۔ محکمہ پولیس میں جناب عبدالعلی بیحد مقبول ہیں اور موصوف پاک و صاف کردار اور معتبر صحافی کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ جناب عبدالعلی نے 21 اکتوبر 2015 اُس وقت کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس مسٹر سدھیر کمار ریڈی IPS کی ایماء پر پہلی مرتبہ یہ فریضہ انجام دیا تھا۔ سال 2016ء میں ایس پی بیدر مسٹر پرکاش نکم امرت IPS نے بھی اس فریضہ کی ادائیگی کیلئے انہیں منتخب کیا تھا۔ سال 2017 ء میں اُس وقت کے ایس پی مسٹر ڈی، دیوراج IPS نے بھی جناب عبدالعلی کو شہید پولیس جوانوں کیلئے گلہائے عقیدت پیش کرنے کا موقع دیا تھا۔ سال 2019ء میں ایس پی مسٹر ٹی سریدھر IPS نے بھی انہیں اس فریضہ کیلئے منتخب کیا۔ سال 2020 ء کو ایس پی مسٹر ناگیشی ڈی ایل IPS نے بھی انہیں اس فریضہ کیلئے منتخب کیا۔ 21 اکتوبر 2021 میں سپرنٹنڈنٹ آف پولیس مسٹر ناگیشی ڈی ایل IPS کی ایماء پر ہی جناب عبدالعلی نے شہید پولیس جوانوں کیلئے گلہائے عقیدت پیش کر کے سلامی دی۔ اس طرح 21 اکتوبر 2022 ء کو سپریٹینڈنٹ آف پولیس مسٹر ڈیکا کشور با بو IPS کی ایماء پر جناب عبدالعلی نے یہ فریضہ بخوبی انجام دیا۔ 21 اکٹوبر 2023ء میں سپرنٹنڈنٹ آف پولیس مسٹر چناباساونا ایس ایل کی ایماء پر جناب عبدالعلی نے 8 ویں مرتبہ یہ فریضہ انجام دیا تھا اور اب 21 اکٹوبر 2024ء بروز پیر کو ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس بیدر مسٹر پردیپ گنٹی نے بھی انہیں اس فریضہ کیلئے منتخب کیا۔ اس طرح جناب عبدالعلی نے مسلسل 9 ویں مرتبہ یہ فریضہ بخوبی انجام دیا۔ یہ اُردو صحافت کیلئے بڑے اعزاز کی بات ہے۔
0 تبصرے