ینگ انڈیا اسکل یونیورسٹی کیلئے اڈانی کا 100 کروڑ کا عطیہ تلنگانہ حکومت نے واپس کردیا
حیدرآباد 26 نومبر (نامہ نگار ) حکومت تلنگانہ نے اڈانی گروپ کی جانب سے ینگ انڈیا اسکل یونیورسٹی کے لئے دیئے گئے 100 کروڑ روپئے کے عطیہ کوقبول کرنے سے انکارکرتے ہوئے اسے واپس کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ وزیراعلی اے ریونت ریڈی نے ملک بھر میں جاری اڈانی گروپ کے بین الاقوامی تنازعہ اورکانگریس ہائی کمان کی جانب سے اڈانی گروپ پرجاری مسلسل تنقیدوں کے دوران آج کی گئی پریس کانفرنس میں یہ بات کہی اور بتایا کہ ریاستی حکومت نے اڈانی گروپ کی جانب سے دیئے جانے والے100کروڑکے عطیہ کو قبول نہ کرنے کا فیصلہ کیاہے۔وزیراعلی اے ریونت ریڈی نے پریس کانفرنس کے دوران ریاستی حکومت پر عائد کئے جانے والے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اڈانی گروپ طویل مدت سے تلنگانہ میں اپنے پراجکٹس پر کام کر رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ قائد اپوزیشن راہل گاندھی واضح طورپرکہہ چکے ہیں کہ وہ قانون کے دائرہ میں تجارت یاکاروبارکے خلاف نہیں ہیں لیکن اڈانی گروپ کی بدعنوانیوں پروہ خاموش نہیں رہیں گے۔ریونت ریڈی نے کہا کہ ریاستی حکومت نے ینگ انڈیا اسکل یونیورسٹی کے لئے جس طرح سے عطیہ حاصل کیاہے اسی طرح اڈانی گروپ نے بھی100کروڑ کاعطیہ دیاتھاجسے آج حکومت کی جانب سے سرکاری طور پر واپس کردیا گیاہے۔وزیراعلی نے کہا کہ ریاستی حکومت تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے لئے تمام تجارتی گھرانوں کو یکساں مواقع فراہم کرنے کے حق میں ہے اور تلنگانہ میں اڈانی گروپ کے ساتھ کانگریس نے اقتدار میں آنے کے بعد5پراجکٹس کو منظوری دی گئی ہے جو کہ قوانین کے مطابق ٹنڈر طلب کرتے ہوئے دی گئی ہے۔انہوں نے بتایاکہ حکومت کسی بھی شعبہ میں سرمایہ کاری کے سلسلہ میں تمام تجارتی گھرانوں کو مواقع فراہم کررہی ہے اوراس کےلئے قوانین میں کسی بھی قسم کی ترامیم نہیں کی جارہی ہیں بلکہ قواعد کے مطابق ٹنڈر کے ذریعہ انہیں سرمایہ کاری کاموقع دیاجارہاہے۔ انہو ں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے روانہ کردہ مکتوب میں اڈانی فاؤنڈیشن کوکہاگیاہے کہ وہ100 کروڑ کی منتقلی کے عمل کو روک دیں جو ابھی حکومت کو موصول نہیں ہوئے ہیں۔انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں اور سیاسی جماعتوں کے قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ اس مسئلہ کوسیاسی رنگ نہ دیں اورنہ ہی سیاسی نظر سے دیکھتے ہوئے اسے متنازعہ بنائیں۔وزیراعلی نے ریاست میں کابینہ کی توسیع کے سلسلہ میں استفسار پرکہا کہ وہ جب بھی دہلی کا دورہ کرتے ہیں ذرائع ابلاغ میں ریاستی کابینہ میں توسیع کا معاملہ اٹھایاجاتاہے جبکہ وہ اس مرتبہ دہلی کا دورہ دراصل اسپیکرلوک سبھا مسٹر اوم برلا کی دختر کی شادی کی تقریب میں شرکت کے لئے کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے دورۂ دہلی کے دوران دستیاب وزراء سے ملاقات کرتے ہوئے تلنگانہ کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے لئے نمائندگی کریں گے۔وزیراعلی نے کہاکہ بھارتیہ جنتا پارٹی کو ملک بھر میں عوام نے ہر جگہ مسترد کردیاہے ۔ انہوں نے بتایاکہ بی جے پی قائدین کس لئے جشن منا رہے ہیں یہ بات ان کی سمجھ میں نہیں آرہی ہے۔اے ریونت ریڈی نے کہا کہ عوام نے ریاستی و قومی سطح پر الگ الگ فیصلہ دیا ہے اور لوک سبھا کی نشستوں پر کانگریس کو کامیاب بنایا ہے۔ چیف منسٹر کے ہمراہ اس پریس کانفرنس کے دوران ریاستی وزراء کیپٹن اتم کمار ریڈی 'ڈی سریدھر بابو' پی سرینواس ریڈی ' مشیر برائے حکومت تلنگانہ ویم نریندر ریڈی کے علاوہ دیگر قائدین موجود تھے۔
0 تبصرے