حکومت کے ایک سالہ کارناموں کو عوام تک پہنچانے قائدین کو ذمہ داری

حکومت کے ایک سالہ کارناموں کو عوام تک پہنچانے قائدین کو ذمہ داری



حیدرآباد22نومبر (نامہ نگار ) پردیش کانگریس کمیٹی کا توسیعی اجلاس آج گاندھی بھون میں منعقد ہوا۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں پارٹی قائدین اور کارکنوں سے اپیل کی گئی کہ حکومت کی ایک سالہ کارکردگی اور کارناموں سے عوام کو واقف کرائیں تاکہ اپوزیشن کے پروپگنڈہ کو ناکام کیا جاسکے۔ پی سی سی کے توسیعی اجلاس میں ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا ، ریاستی وزراء ڈی انوسویا سیتکا ، ٹی ناگیشور راؤ، پی سرینواس ریڈی ، ارکان پارلیمنٹ ڈاکٹر ملو روی ، سی ایچ کرن کمار ریڈی ، سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ کے علاوہ ارکان اسمبلی ، ارکان کونسل اور سینئر قائدین نے شرکت کی۔ اجلاس میں پرجا پالنا کے ایک سال کی تکمیل کے موقع پر اسمبلی حلقہ جات کی سطح پر مختلف پروگرامس کا جائزہ لیا گیا ۔ قائدین اور کارکنوں کو مشورہ دیا گیا کہ وہ حکومت کی اسکیمات سے عوام کو واقف کرانے کیلئے بنیادی سطح تک پہنچ کر مہم چلائیں۔ اجلاس میں ذات پات پر مبنی مردم شماری ، مجوزہ مجالس مقامی کے انتخابات اور پردیش کانگریس کمیٹی کی عاملہ کی تشکیل جیسے امور کا جائزہ لیا گیا۔ صدر پردیش کانگریس نے کہا کہ ریونت ریڈی حکومت نے ایک سال کی تکمیل کرتے ہوئے عوامی وعدوں پر عمل آوری کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کے دس سالہ دور حکومت میں جو کام انجام نہیں دیئے گئے ، ایک سال میں ریونت ریڈی حکومت نے مکمل کیا ہے۔ ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات کی طویل فہرست ہے جسے عوام تک پہنچانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو قرض معافی کے تحت 18 ہزار کروڑ جاری کئے گئے۔ لاکھوں خاندان 200 یونٹ مفت برقی اور 500 روپئے میں گیس سلینڈر کی سہولت سے استفادہ کر رہے ہیں۔ ایک سال میں 50,000 سرکاری ملازمتوں پر تقررات کئے گئے ۔ انہوں نے پارٹی قائدین اور کارکنوں کو ہدایت دی کہ حکومت کے کارناموں سے عوام کو واقف کرائیں اور وجئے اتسوم کے تحت ریاست بھر میں منائی جانے والی تقاریب کو کامیاب بنائیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی آر ایس اور بی جے پی متحدہ طور پر حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی سازش کر رہے ہیں۔ دونوں پارٹیوں کی سازش کا مقابلہ کرنے کیلئے کارکنوں کو تیار رہنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلہ میں نامزد عہدوں پر تقررات کئے گئے اور جلد دیگر قائدین کو نامزد عہدوں پر فائز کیا جائے گا ۔ مہیش کمار گوڑ نے قائدین سے کہا کہ وہ مجالس مقامی مجوزہ انتخابات کی ابھی سے تیاری کریں تاکہ کانگریس کو شاندار کامیابی حاصل ہو۔ انہوں نے کارکنوں کو تیقن دیا کہ پارٹی کیلئے محنت کرنے والے کارکنوں کو مستحقہ مقام دیا جائے گا۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ ایک سال کے دوران تکمیل شدہ کاموں اور فلاحی اسکیمات سے عوام کو واقف کرایا جائے۔ 
NEWS & ADVERTISMENT CONTACT     9880736910

NEWS & ADVERTISMENT CONTACT                         9880736910

NEWS & ADVERTISMENT CONTACT                           9880736910
NEWS & ADVERTISMENT CONTACT                          9880736910

SAFA HOSPITAL BIDAR

NEWS & ADVERTISMENT CONTACT 9880736910





ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے