دہلی اسمبلی الیکشن:سماج وادی پارٹی کے بعد شیوسینا(یوبی ٹی)نے آپ کی حمایت کا اعلان کیا
نئی دہلی8 جنوری ( ناز میڈیا )دہلی اسمبلی انتخابات سے پہلے ادھو ٹھاکرے کی پارٹی شیو سینا (یو بی ٹی) نے کانگریس کو بڑا جھٹکا دیا ہے۔ شیوسینا (یو بی ٹی) نے اروند کیجریوال کی عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔اس سے پہلے سماج وادی پارٹی بھی اعلان کرچکی ہے کہ اس کی حمایت عام آدمی پارٹی کے ساتھ ہے۔
اب شیو سینا ادھو دھڑے کے رکن پارلیمنٹ انیل دیسائی نے کہا کہ ہم دہلی اسمبلی انتخابات میں عام آدمی پارٹی کی حمایت کر رہے ہیں، کیونکہ عام آدمی پارٹی نے مہاراشٹر کے انتخابات میں ہماری حمایت کی تھی۔ مہاراشٹر میں کانگریس کے اتحادی ہونے اور دہلی میں عام آدمی پارٹی کے خلاف کانگریس کے الیکشن لڑنے پر، دیسائی نے کہا، ہمیں امید ہے کہ دہلی میں ووٹوں کی تقسیم نہیں ہوگی۔
اس سے پہلے شیو سینا (یو بی ٹی) لیڈر سنجے راوت نے آپ اور کانگریس کو ایک ساتھ آنے کا مشورہ دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا میں عام آدمی پارٹی اور کانگریس مل کر لڑیں، اس لیے ہم مودی کو روکنے میں کامیاب ہوئے، لیکن جس طرح سے اسمبلی میں فری اسٹائل ریسلنگ چل رہی ہے، ملک دیکھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چار سال بعد عوام ہم سے سوال کریں گے۔ ہماری دشمن بی جے پی ہے، کانگریس یاآپ نہیں۔ ہم ساتھ رہیں گے تو ہی ملک کو آگے لے جا سکتے ہیں۔
شیو سینا (یو بی ٹی) سے پہلے، منگل (7 جنوری) کو، سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے آپ کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔ یہ بھی کہا کہ وہ آپ کے ساتھ اسٹیج شیئر کریں گے۔ شیوسینا (یو بی ٹی) قومی سطح پر کانگریس کے ساتھ انڈیا اتحاد کا حصہ ہے۔ جبکہ مہاراشٹر میں وہ کانگریس کے ساتھ ایم وی اے میں ہیں۔
دونوں پارٹیوں نے مہاراشٹر میں لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات میں حصہ لیا ہے۔ ایسی صورت حال میں شیو سینا (یوبی ٹی ) کی دہلی میں آپ کو حمایت کانگریس کو پریشان کر سکتی ہے۔آپ اور کانگریس دہلی میں الگ الگ الیکشن لڑ رہی ہیں۔ قومی دارالحکومت کی تمام 70 نشستوں پر 5 فروری کو ووٹنگ ہوگی اور نتائج کا اعلان 8 فروری کو کیا جائے گا۔ اے اے پی یہاں گزشتہ 10 سالوں سے برسراقتدار ہے۔
0 تبصرے