گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے اجلاس میں ہنگامہ ، بی آر ایس ارکان معطل
حیدرآباد 31۔جنوری (ناز میڈیا ) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کا اجلاس آج ہنگامہ خیز ثابت ہوا۔ میئر حیدرآباد وجیہ لکشمی نے مالیاتی سال 2025-26 کیلئے 8440 کروڑ کا بجٹ پیش کیا لیکن بی آر ایس ارکان کی ہنگامہ آرائی اور نعرہ بازی کے سبب کارروائی میں خلل پڑا۔ بی آر ایس ارکان عوامی مسائل پر مباحث کی مانگ کرکے میئر کے پوڈیم کے اطراف احتجاج کرنے لگے اور نعرہ بازی کی۔ میئر نے بجٹ کی منظوری کے بعد مباحث کا مشورہ دیا لیکن اجلاس کے آغاز کے ساتھ ہی بی آر ایس ارکان ایوان کے وسط میں پہنچ کر احتجاج کرنے لگے۔ ایک مرحلہ پر کانگریس اور بی آر ایس ارکان ایک دوسرے سے الجھ گئے اور جھڑپ کی نوبت آگئی تاہم مارشلس نے مداخلت کرکے تصادم کو ٹال دیا۔ ایوان میں ہنگامہ کے دوران ابتداء میں بی آر ایس کے چار کارپوریٹرس کو معطل کرکے مارشلس کے ذریعہ ایوان کے باہر کیا گیا۔ پولیس نے بی آر ایس کارپوریٹرس کو تحویل میں لے لیا جس پر بی آر ایس کے دیگر ارکان میئر کے پوڈیم کا گھیراؤ کرکے معذرت خواہی کی مانگ کی۔ انہوں نے گرفتار کارپوریٹرس کو دوبارہ ایوان میں طلب کرنے کا مطالبہ کیا۔ بی آر ایس ارکان وقفہ سوالات کے ذریعہ عوامی مسائل پر مباحث کی مانگ کرنے لگے۔ بی آر ایس ارکان کا احتجاج شدت اختیار کرگیا اور میئر نے ارکان کے رویہ پر ناراضگی ظاہر کی اور مارشلس کو محروس ارکان کو دوبارہ ایوان میں واپس لانے کی ہدایت دی۔ بی آر ایس کے چاروں کارپوریٹرس نے ایوان میں واپسی سے انکار کیا اور ایوان میں موجود بی آر ایس ارکان نے احتجاج جاری رکھا جس پر میئر وجیہ لکشمی نے بی آر ایس ارکان کو معطل کردیا۔ مارشلس کے ذریعہ معطل کارپوریٹرس کو ایوان کے باہر منتقل کیا گیا جہاں انہوں نے میئر کے خلاف دھرنا منظم کیا۔ پولیس نے کارپوریٹرس کو حراست میں لے لیا۔ قبل ازیں مالیاتی سال 2025-26 بجٹ کی منظوری کیلئے اجلاس کا آغاز ہوا۔ سابق وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ اور رتن ٹاٹا کو ایوان نے خراج پیش کیا۔ میئر نے بجٹ پیش کرکے مباحث کی مانگ کی۔ میئر کے پوڈیم کے گھیراؤ کو روکنے کانگریس کارپوریٹرس بھی ایوان کے وسط میں پہنچ گئے جس کے بعد دونوں پارٹیوں کے ارکان میں بحث و تکرار ہوگئی۔ بی آر ایس کارپوریٹرس نے گوشہ محل پولیس اسٹیڈیم میں عثمانیہ ہاسپٹل کی تعمیر کی مخالفت کی اور نعرے لگائے۔ اجلاس میں کانگریس رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو ، ارکان کونسل جناب عامر علی خاں ، پروفیسر کودنڈا رام ، ایم ایس پربھاکر، بی وینکٹ ، مہیندر ریڈی اور ارکان اسمبلی نے شرکت کی۔
0 تبصرے