جموں و کشمیر کے پہلگام کے سانحہ کی وجہ سے بیدر میں 24/اپریل کو منعقدہ وقف قانون ایکٹ کےخلاف احتجاج منسوخ کرتے ہوئے 28/اپریل کو اعلان کیا گیا
بیدر23/اپر یل( نامہ نگار )23/اپریل کو بعد نمازِ ظہر بمقام جامع مسجد میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ذمہ داران کا ایک ہنگامی اجلاس زیرِ صدارت جناب ڈاکٹر عبدالقدیر کنوینر جوائنٹ ایکشن کمیٹی و رکن عاملہ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ منعقد ہوا۔اجلاس میں خصوصی طورپر مولانا ابو طالب رحمانی صاحب رکن عاملہ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ نے بھی شرکت کی۔
کنوینر کمیٹی نے یہ بات تمام کے سامنے رکھی کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی جانب سے جاری ہدایت کے مطابق جموں کشمیر کے پہلگام کے سانحہ کی وجہ سے ملک بھرمیں وقف ایکٹ2025 کے خلاف 3دن تک کوئی احتجاج منظم نہیں کیا جائے گا۔اس سلسلہ میں تمام شرکائے اجلاس نے اپنے مفید مشورے دیتے ہوئے کہا کہ تمام تیاریاں مکمل ہوچکی تھیں،اور تمام تاجرین نے اپنے بازار،مارکیٹ اور دکانیں بند رکھنے کا اعلان کیا ہے،مگراچانک ملک کے جموں کشمیر کے پہگام میں جو سانحہ ہوا ہے ہم سب اس ضمن میں اپنے دُکھ کا اِظہار کرتے ہوئے آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی ہدایت پر عمل کرتے ہیں اور طے شدہ احتجاج کو منسوخ کرتے ہوئے تین دن کے بعد یعنی28/اپریل بروز پیر بوقت صبح 10بجے سے بیدر کی تاریخی جامع مسجد سے ایک عظیم الشان احتجاجی ریالی کا انعقاد کیا جائے گا۔جناب ڈاکٹر عبدالقدیر کنوینر جوائنٹ ایکشن کمیٹی بیدر اور کمیٹی کے جمیع ذمہ داران کی جانب سے نوجوانوں، برزرگوں اور خصوصی طورپرباغبان برادری،جمعیت القریش برادری،بُز قصابان برادری اور تاجرین و چھوٹے چھوٹے کاروبار کرنے والے تاجرین کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے ہماری اپیل پر اپنے کاروبار بند رکھنے کا اعلان کیا تھا،اسی طرح28/اپریل2025بروز پیر کے دن بھی اپنے کاروباربند رکھیں اور نوجوانوں،بزرگوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ 28/اپریل کے عظیم الشان احتجاج میں شریک رہ کر ترمیمی وقف ایکٹ کے خلاف اپنے ملی اتحاد کا مُظاہرہ کریں۔
0 تبصرے