حیدرآباد میٹرو ریل کیلئے 21,047 کروڑ حصول قرض کی تجویز!
حیدرآباد ۔ 29 جون ( ناز میڈیا ) ریاستی حکومت نے حیدرآباد میٹرو ریل کے دوسرے مرحلے پراجکٹ پر توجہ مرکوز کردی ہے۔ آئندہ عام انتخابات سے قبل اس پراجکٹ کے کم از کم 50 فیصد کام مکمل کرنے کا ہدف ہے۔ پراجکٹ کیلئے درکار فنڈس میں سے اپنا حصہ فراہم کرنے کے علاوہ مرکز اور بین الاقوامی بنکوں سے قرض حاصل کرنے بھی کام کیا جارہا ہے۔ پارٹ اے و پارٹ بی کے تحت میٹرو کے کام کے دوسرے مرحلہ کیلئے 8 کوریڈور تجویز کئے گئے ہیں جس کیلئے 43,848 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں۔ حکومت بین الاقوامی بنکوں سے قرض کے طور پر ان فنڈز کا بڑا حصہ اکٹھا کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ جملہ 43,848 کروڑ میں 48 فیصد یعنی 21,047.04 کروڑ روپئے بنکوں سے قرض حاصل کئے جارہے ہیں ۔ دو ماہ قبل دورہ جاپان پر گئے حکومت کے ذمہ داروں نے جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جیسکا) کے نمائندوں سے ملاقات کی اور فنڈز کیلئے تبادلہ خیال کیا۔ مرکزی حکومت سے حیدرآباد میٹرو ریل کے دوسرے مرحلہ کے ڈی پی آر کو منظوری حاصل ہوتے ہی فوری مدد کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ دوسری طرف میٹرو کے دوسرے مرحلے میں پارٹ اے میں تجویز کردہ 5 کوریڈورس کو مرکز سے منظوری حاصل کرنے کیلئے ریاستی حکومت کوشش کررہی ہے۔ پارٹ اے اور پارٹ بی کے تحت شروع کئے جانے والے کاموں کیلئے درکار فنڈس کا 4 فیصد یعنی 1,753 کروڑ روپئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ (پی پی پی) کے تحت جمع کرنے کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔ پراجکٹ کیلئے درکار جملہ فنڈس میں مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے حصے کو چھوڑ کر ماباقی 22,800 کروڑ روپئے تک بنکوں اور پی پی پی کے تحت حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
0 تبصرے