تلنگانہ کے مسلمانوں کو برسر اقتدار کانگریس پارٹی کا دھوکہ
حیدرآباد۔17جون(ناز میڈیا ) ایس سی ' ایس ٹی ' بی سی ' مسلم فرنٹ کے ایک وفد نے آج دفتر سیاست پہنچ کر رکن قانون ساز کونسل جناب عامر علی خان سے ملاقات کی اور کانگریس کی جانب سے ریاست میںمسلمانوں کو نظر انداز کرنے ' کابینہ میں مسلم قیادت کی عدم شمولیت پر ناراضگی کا اظہار کیا ۔ چیرمن فرنٹ ثناء اللہ خان کے علاوہ جاوید ہاشمی' ایس اے تنویر احمد' ریاض احمد' محترمہ فاطمہ سلیم'ایم ایم شریف'محمد عبدالقدیر' محمد ریاض احمد' خواجہ محمود' خواجہ مسیح الدین کے علاوہ فرنٹ کے دیگر ذمہ داران و فد میںموجود تھے۔ اس پر چیرمن فرنٹ ثناء اللہ خان نے کہاکہ سولہ مہینوں کا عرصہ گذر جانے کے باوجود کانگریس پارٹی نے تلنگانہ کے مسلمانوں سے جو وعدے کئے تھے اس پر عمل آواری نہیں کی گئی ہے۔کابینہ میں مسلم نمائندگی نہیں جس کی وجہہ سے تلنگانہ کے مسلمانوں کو تشویش لاحق ہے ۔ ثناء اللہ خان نے کہاکہ فرنٹ اس خصوص میںمہیش کمار گوڑ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی' اور اے آئی سی سی سکریٹری وانچارج تلنگانہ مینا کشی نٹراجن کو یادواشت بھی پیش کریگا۔ مسلم امیدواروں کو شکست پر چیف منسٹر ریونت ریڈی کی اظہار ناراضگی کو حیرت انگیز قراردیتے ہوئے فرنٹ کے ذمہ داران نے جناب عامر علی خان سے کہاکہ کیا کانگریس پارٹی یہ بھول گئی ہے ' کس نے مسلم امیدواروں کو اسمبلی انتخابات میںہرایا' اور پوچھا کہ کیا مسلمانوں کی حمایت کے بغیر کانگریس پارٹی تلنگانہ میںاقتدار حاصل کرسکتی تھی؟۔فرنٹ کے قائدین نے جناب عامر علی خان سے بھی استعفیٰ کی مانگ کی اور کہاکہ تلنگانہ میںریونت ریڈی کی زیر قیادت کانگریس حکومت مسلمانوں کے ساتھ انصاف کی متمنی ہے تو صرف قانون ساز کونسل کی رکنیت سے کام نہیںچلے گا بلکہ مسلمان کو کابینہ میںشامل کر نا پڑیگا اور کارپوریشنوں' کمیشنوں کے تمام مخلوعہ عہدوں کو کانگریس پارٹی کے دیانت دار اورفرض شناس کارکنوں سے بھرنا ہوگا۔ ثناء اللہ خان نے کہاکہ مسلمانوں کے تئیں اگر تلنگانہ حکومت اسی طرح غیرسنجیدگی کا مظاہرہ کرتے رہے گی تو فرنٹ بھی خاموش نہیں بیٹھے گا اور بہت جلد بڑے پیمانے پر اندرا پارک دھرنا چوک پر مسلمانوں کے خلاف ہونے والی ناانصافی کے خلاف احتجاجی دھرنا منظم کریگا۔
0 تبصرے