وزیر اعظم مودی نے بنگلورو میں تین نئی وندے بھارت ٹرینوں اور میٹرو کو دکھائی ہری جھنڈی
بنگلورو، 10 اگست ( ناز میڈیا ) وزیر اعظم نریندر مودی نے بنگلورو کے کے ایس آر ریلوے اسٹیشن پر نئی بنگلورو-بیلگام 'وندے بھارت' ٹرین سمیت تین وندے بھارت ٹرینوں کو ہری جھنڈی دکھائی۔ وزیر اعظم نے بنگلورو میٹرو کی ییلو لائن کی میٹرو کو بھی ہری جھنڈی دکھائی۔ وزیر اعظم نے ٹرین اور میٹرو میں سفر کرنے والے طلباء سے بھی بات چیت کی۔
وزیر اعظم مودی نے اتوار کی صبح بنگلورو کے کے ایس آر ریلوے اسٹیشن پر تین لمبی دوری کی وندے بھارت ٹرینوں کو ہری جھنڈی دکھائی۔ وزیر اعظم نے اسٹیشن پر بنگلورو-بیلاگاوی وندے بھارت ایکسپریس کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا، جبکہ شری ماتا ویشنو دیوی کٹرا-امرتسر اور اجنی (ناگپور) - پونے وندے بھارت خدمات کو ورچوئل طور پر جھنڈی دکھا کر روانہ کیا گیا۔ وندے بھارت ٹرین کو ہری جھنڈی دکھانے کے بعد وزیر اعظم نے ٹرین میں سفر کرنے والے طلباء سے بات چیت کی۔
اس کے بعد وزیر اعظم مودی کے ایس آر ریلوے اسٹیشن سے بذریعہ سڑک راگی گڈا میٹرو اسٹیشن پہنچے اور میٹرو اسٹیشن پر کیو آر کوڈ اسکین کرکے اپنا ٹکٹ لیا۔ وزیر اعظم مودی نے بنگلور میٹرو فیز -2 پروجیکٹ کے تحت آر وی روڈ (راگی گڈا) سے بوماسندرا تک یلو لائن میٹرو کا افتتاح کیا۔ اس کے بعد وزیر اعظم نے اس راستے پر الیکٹرانکس سٹی اسٹیشن کا سفر کیا جو 19.15 کلومیٹر طویل ہے، اس میں 16 اسٹیشن ہیں اور اس کی لاگت 5,056.99 کروڑ روپے ہے۔ اس سفر کے دوران مودی نے میٹرو میں سفر کرنے والے طلبہ سے بھی بات چیت کی۔ میٹرو میں سفر کے دوران وزیر اعظم مودی کے ساتھ کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا، نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار اور مرکزی وزیر منوہر لال کھٹر بھی تھے۔
راگی گڈا میٹرو اسٹیشن پر نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے وزیر اعظم کو پیلی لائن کے میٹرو اسٹیشن کے بارے میں جانکاری دی۔ قبل ازیں سڑک کے راستے راگی گڈا میٹرو اسٹیشن جاتے ہوئے عوام اور بی جے پی کارکنوں نے وزیر اعظم کی گاڑی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور ان کا استقبال کیا۔ گورنر تھاور چند گہلوت، وزیر اعلیٰ سدھارمیا، نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار، مرکزی وزراء اور اراکین پارلیمنٹ نے وزیر اعظم مودی کے پروگرام میں شرکت کی۔
0 تبصرے