گورنمنٹ ہائی اسکول جہاں نما کے طلبہ کا مطالعاتی دورۂ مانو ڈاکٹر شبانہ کیسر، ڈاکٹر یوسف خان، ڈاکٹر عرشیہ اعظم و دیگر کے خطاب
حیدرآباد10ستمبر (پریس نوٹ) اردو یونیورسٹی کا دورہ کریں پروگرام کے پانچویں مرحلہ میں آج گورنمنٹ ہائی اسکول جہاں نما کے طلباءو طالبات نے مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کا مطالعاتی دورہ کیا۔ ڈاکٹر شبانہ کیسر، صدر شعبۂ تعلیمات نسواں و صدر مانوٹا نے وائس چانسلر پرو فیسر سید عین الحسن کو اس اختراعی پروگرام کی شروعات پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ اردو یونیورسٹی میں مقامی طلبہ کو بھی راغب کرنے کے لیے اسکولی سطح پر چلایا جانے والا یہ پروگرام طویل مدت میں یقینی طور پر کامیاب ثابت ہوگا۔ اردو میڈیم کے اساتذہ اور محبان اردو سے ڈاکٹر شبانہ کیسر نے اپیل کی کہ وہ ملک کی اس منفرد اردو یونیورسٹی میں دستیاب تعلیمی مواقعوں کے متعلق طلبہ برادری میں زیادہ سے زیادہ آگہی پیدا کریں۔ انہوں نے کہا کہ اردو یونیورسٹی نے اپنے 27 سالہ سفر کے دوران اس بات کو ثابت کیا کہ اردو میں تعلیم کسی طرح بھی روزگار اور ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں۔ قبل ازیں ’اردو یونیورسٹی کا دورہ کریں پروگرام ‘ کے آغاز میں صدر مانو المنائی اسوسی ایشن اعجاز علی قریشی نے خیر مقدمی کلمات کہے اور وائس چانسلر کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا۔ ان کی سرپرستی کے سبب مانو المنائی اسوسی ایشن ابھی تک 500 سے زائد اسکولی طلباءو طالبات کو گذشتہ چار ہفتوں کے دوران اردو یونیورسٹی کا مطالعاتی دورہ کرواچکی ہے۔
ڈاکٹر محمد مصطفےٰ علی سروری، پبلک ریلیشنز آفیسر نے اس موقع پر طلبہ کو مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کا تعارف پیش کیا اور یونیورسٹی میں دستیاب کورسز کے متعلق تفصیلات سے واقف کروایا۔ پرنسپل آئی ٹی آئی ڈاکٹر عرشیہ اعظم نے آئی ٹی آئی کے انفراسٹرکچر کا معائنہ کرواتے ہوئے مطالعاتی دورہ میں شامل طلبہ کو آئی ٹی آئی کے کورس کے متعلق آگاہ کیا اور کورس کی فراغت کے بعد طلبہ کو ملنے والے روزگار کے مواقعوں سے بھی واقف کروایا۔ پرنسپل پالی ٹیکنیک ڈاکٹر محمد یوسف خان نے پالی ٹیکنیک حیدرآباد میں دستیاب کورسز کے متعلق تفصیل سے معلومات فراہم کی اور کہا کہ اردو یونیورسٹی کے پالی ٹیکنیک کا شمار تلنگانہ کے سب سے معیاری تعلیمی ادارے میں ہوتا ہے اور یہاں کا انفراسٹرکچر بہت سارے انجینئرنگ کالجس سے بھی بہتر ہے اور فیس انتہائی کم۔
انہوں نے پالی ٹیکنیک سے فارغ طلبہ کو جاب مارکٹ میں ملنے والے مواقعوں کے متعلق بھی روشنی ڈالی۔ گورنمنٹ ہائی اسکول جہاں نما کے اسکول اسسٹنٹ سید نوید اختر زیدی نے بھی آج کے اس پروگرام کو مخاطب کیا اور کہا کہ وائس چانسلر کی جانب سے اردو یونیورسٹی کا دورہ کریں پروگرام اردو میڈیم طلبہ میں اردو یونیورسٹی کے متعلق آگہی میں اضافہ کرنے کے لیے نہایت مؤثر ثابت ہوگا۔
المنائی اسوسی ایشن کی جانب سے اس موقع پر طلبہ میں میلاد النبی کے حوالے سے منعقدہ مقابلوں کے لیے اسناد اور انعامات تقسیم کیے گئے۔ بعد ازاں پروفیسر امان عبید کی نگرانی میں اسکولی طلبہ نے انسٹرکشنل میڈیا سنٹر کے اسٹوڈیو کا بھی معائنہ کیا۔ آخر میں مانو المنائی اسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری محمد ناصر حسین شعیب نے شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ رجسٹرار ڈاکٹر عبدالقدوس اور دیگر موجود تھے۔
NEWS & ADVERTISMENT CONTACT 9880736910












0 تبصرے