جامع مسجد بیدر میں جماعت اسلامی ہند بیدر کی جانب سے دوروزہ خطبات ”سیرت النبی ﷺ“ کا کامیاب انعقاد، مردو خواتین کی خطبات میں ازحد دلچسپی، بارش کے باوجود سامعین کی کثرت
بیدر18 ستمبر (ناز میڈیا ) محمد آصف الدین میڈیاانچارج JIHبیدر کی پریس ریلیز کے مطابق حیدرآباد سے تشریف لائے مہمان جناب حامد محمد خان صاحب مرکزی ذمہ دار جماعت اسلامی ہندنے کہاکہ ”آپ ﷺ تمام انسانوں میں سب سے زیادہ سخی اور سب سے زیادہ بہادرتھے۔سب سے زیادہ حسین وجمیل تھے“ وہ اتوار کو جماعت اسلامی ہند بیدر کی جانب سے سیرت مہم ”انصاف کے علمبردار پیغمبر حضرت محمد ﷺ“ کے آخری پروگرام”خطبات سیرت النبی محمد ﷺ“ منعقدہ جامع مسجد بیدر میں مردوخواتین کی کثیر تعداد سے خطاب کررہے تھے۔انھوں نے آگے کہاکہ آپ ﷺ کے صحابہ آپ کے انتہائی اطاعت شعارتھے۔ غار ثور میں حضرت ابوبکر ؓنے نبی سے جو وفاداری کی ہے وہ تاقیامت ایک مثال ہے۔ ام سلیم ؓ جنگ احد میں حضوراکرم کی حیات کے لئے پریشان ہواٹھتی ہیں انہیں باپ اور بھائی کی شہادت کا کوئی غم نہیں ہے۔ وہ حیات ِ نبی پر خوش اور مسرور ہیں۔ جناب حامد محمد خان نے محبت ِ رسول کے تقاضوں پر سیر حاصل گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ محبت ِرسول ایمان کالازمی تقاضہ ہے۔محبت رسول اور اطاعت ِ رسول لازم وملزوم ہیں۔ دعویٰ ہے محبت وعشق ِ رسول کالیکن اطاعت واتباع ِ رسول نہیں ہے تو وہ منافقت ہے۔جناب خان نے رسول سے محبت اور اطاعت کا تقاضہ بیان کرتے ہوئے کہاکہ آپ ﷺ پر درودوسلام بھیجاجائے۔ آپ کے سنتوں کی پیروی کی جائے۔ آپ کے دین کی اشاعت وتبلیغ کی جائے۔ آپ کے لائے ہوئے دین کواپنی اپنی زندگی میں قائم کیاجائے۔ برادرانِ وطن میں سیرت پر تحریر کردہ کتابیں تحفتاً دی جائیں تاکہ وہ پڑھ کر رسول اللہ کاصحیح تعارف حاصل کرسکیں۔ انھوں نے مسلمانانِ بیدر سے مطالبہ کیاکہ وہ مسلم اصلاح کاکام کریں۔ اس موقع پر مولانا محمدعبدالغنی خان صدر جمیعتہ العلماء ہند بیدر نے سیرت مہم کے بارے میں خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ”سیرت کی اس مہم کا جماعت اسلامی ہند نے جو انتخاب کیاہے وہ وقت کی اہم ضرورت بھی ہے“مولاناعبدالغنی نے نبی کریم ﷺ کے بچپن، جوانی اور نبی کی زندگی کے مختلف واقعات پیش کرنے کے بعد کہاکہ آپ ﷺ ہر معاملے میں لوگوں کے ساتھ انصاف فرمایاکرتے تھے۔ آج ہماراحال یہ ہے کہ ہم نے عدل وانصاف کادامن ہاتھ سے چھوڑ دیاہے۔ وراثت میں اپنی سگی بہنوں کوحصہ نہیں دیتے“پروگرام کا آغاز برادر فرقان اللہ کی تلاوت قرآن مجید سے ہوا۔ جناب محمدمقصود علی رکن جماعت نے نعت شریف پیش کی۔پہلے د ن یعنی ہفتہ کے سیرت النبی ﷺ پر خطاب کاآغاز انجینئر حافظ سید عتیق اللہ کی قرأت کلام پاک سے ہوا۔ جناب عارف الدین نے کنوینر کے فرائض انجام دئے۔ جب کہ افتتاحی کلمات جناب محمد معظم امیرمقامی JIHبیدر نے پیش کئے۔محمد صلاح الدین معاون امیرمقامی JIHنے شکریہ اداکیا۔ ڈاکٹر اسلام الدین مجاہد پی ایچ ڈی نے رسول اللہ کی رسالت کے مقصد کو بیان کیا۔ کہاکہ دراصل آپ ﷺ اسلام کودنیا میں نافذ کرنے تشریف لائے تھے۔ اللہ نے آپ ﷺ کی مددفرمائی اور دین قائم ہوگیا جس کے نتیجے میں دنیا کو عدل وانصاف حاصل ہوا۔ ایک موقع پر ابوجہل کی تاجرپر زیادتیوں کاذکر آپ ﷺ کے سامنے ہوا۔اللہ کے رسول ﷺ نے بڑی ہمت کے ساتھ تاجر کو اس کاحق دِلایا۔ ڈاکٹر صاحب نے کہاکہ مجھے یہ جان کر بے حد خوشی ہوئی کہ سیرت النبی ﷺ مہم اور خطبات ِ سیرت جماعت اسلامی ہند کی جانب سے نہیں بلکہ شہر بیدر کے علماء، عمائدین اور مختلف مذہبی، سماجی، تعلیمی تنظیموں کی جانب سے بنائی گئی استقبالیہ کمیٹی کی جانب سے منعقد کئے گئے ہیں۔ شہ نشین پر استقبالیہ کمیٹی کے تمام معزز اراکین موجودہیں۔ جناب مفتی سید سراج الدین نظامی نائب صدر اہل سنت والجماعت کرناٹک نے کہاکہ نبی کریم ﷺ کو اللہ تعالیٰ نے پوری دنیا کے لئے نمونہء عمل بنایاہے۔ آپ ﷺ کااسوہ حسنہ، زندگی کے تمام گوشوں کے لئے نمونہ ء حیات ہے۔ ملت کو چاہیے کہ نبی کی سیرت کی روشنی میں اپنی تربیت کرے۔ جناب ڈاکٹر ارشاد نوید معاون امیرمقامی JIHبیدر کے اظہار تشکرپرجلسہ اختتام پذیرہوا۔ ان دوروزہ خطابات کے ساتھ ہی سیرت النبی ﷺ پر چلائی جارہی مہم اپنے اختتام کو پہنچی۔ بارش کے باوجود مردو خواتین کی کثیرتعداد نے جامع مسجدپہنچ کر خطابات سماعت کئے۔ان خطابات میں ہمناآباد، ظہیرآباد، اور شہر کے اطراف واکناف کے دیہاتوں سے بھی افراد شریک رہے۔
NEWS & ADVERTISMENT CONTACT 9880736910









0 تبصرے